نیب نے ملک کو تباہ کردیا اور رسوائی کے سوا کچھ نہ دیا سپریم کورٹ

نیب نے ملک کو تماشا بنا کررکھ دیا ہے، جسٹس گلزار احمد کے ریمارکس


ویب ڈیسک December 20, 2017
عدالت نے نیب کو ریفرنس سے متعلق رپورٹ کے لیے ایک دن کی مہلت دے دی۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کے جسٹس گلزار احمد نے کرپشن کیس کی سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں کہا کہ نیب نے ملک کو تباہ کردیا ہے اور ہماری جڑیں کھا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جیٹ فیول فروخت میں کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے نیب کے تاخیری حربے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ریفرنس فائل نہ کرنے پر نیب افسران کی سرزنش کی۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس میں کہا کہ نیب نے ملک کو تباہ کردیا ہے اور ہماری جڑیں کھا گیا ہے، نیب نے ملک کو تماشا بنا کررکھ دیا ہے اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا، ادارے نے اپنا تماشا تو بنایا ساتھ ہی پاکستان کو بھی رسوا کردیا۔

نیب افسران سے مکالمے میں ججز نے ریمارکس دیے کہ جس پر ہاتھ ڈالنا ہے ڈالو طاقتور سے ڈرتے کیوں ہو۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی کھنچائی کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال ہوگیا لیکن ریفرنس دائر نہیں کیا گیا، 14 دن میں ریفرنس دائر کیا جائے، جس پر تفتیشی افسر نیب نے کہا کہ جلد ریفرنس دائر ہوجائے گا اور تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ ایک سال سے کیا کررہے ہیں، پیسے کھا رہے ہیں تاہم اب کوئی کوتاہی برداشت نہیں، پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے شیل کمپنی سے 13 لاکھ لیٹر جیٹ فیول خریدا، ملزم نے فیول سرکاری اداروں کے بجائے اوپن مارکیٹ میں فروخت کردیا، ملزم نے 2 ارب 37 کروڑ روپے کا فراڈ کیا۔ عدالت نے نیب کو ریفرنس سے متعلق رپورٹ کے لیے ایک دن کی مہلت دے دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں