آئندہ انتخابات آزادانہ شفاف اور منصفانہ ہوں گے کائرہ

ملک میں جمہوری تبدیلی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی،وفاقی وزیر اطلاعات

فوٹو: فائل

وفاقی وزیرا طلاعات ونشریات قمرزمان کائرہ نے کہاہے کہ آئندہ عام انتخابات آزادانہ، شفاف اورمنصفانہ ہوں گے اورملک میں خوش اسلوبی سے جمہوری تبدیلی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

انھوں نے یہ بات سویڈن کے پاکستان میں سفیرلارس ہیالمار وائڈ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہاکہ پاکستان میں فعال جمہوریت ہے جہاں میڈیا آزاد، عدلیہ مکمل طورپرخودمختار، سول سوسائٹی متحرک اور الیکشن کمیشن مکمل طورپربااختیار ہے۔ انھوں نے کہاکہ سبکدوش ہونے والی جمہوری حکومت نے مفاہمت کی سیاست کی منفرد روایت قائم کی ہے۔




جس نے پاکستان کے اہم مسائل پر اتفاق رائے پیداکرنے کے لیے کام کیا۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے وفاق کی اکائیوں کوبااختیاربنا کروفاق پاکستان کومضبوط کیا۔ انھوں نے اس بات پر زوردیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ عالمی برادری کوان قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔ انھوں نے پاکستان کی مختلف شعبہ جات میں ترقی کے لیے یورپی یونین کی معاونت کو سراہا۔
Load Next Story