
یہ مگرمچھ برونڈی کے مشہور دریا روزیزی میں پایا جاتا ہے اور اس کی عمر 60 سال کے لگ بھگ ہے، اس خونخوار مگرمچھ کو پکڑنے کی کئی مرتبہ کوشش کی گئی لیکن یہ ہمیشہ بچ نکلا اس کا وزن اندازاً 900 کلوگرام اور لمبائی 18 سے 25 فٹ تک ہے۔
پہلے اندازہ لگایا گیا کہ یہ عفریت 100 سال کا ہے لیکن 2014ء کی پی بی ایس (پبلک براڈکاسٹنگ سروس) ڈاکیومینٹری میں اس کا کھلا جبڑا ماہرین نے دیکھا اور اس کے دانت دیکھ کر بتایا کہ یہ 60 سال کے قریب ہے کیونکہ اس کے منہ میں پورے دانت ہیں جو 100 سال کے مگرمچھ میں ازخود نکل آتے ہیں۔
گستاف ایک خونخوار جانور ہے جسے کلاشنکوف تک سے مارنے کی کوشش کی گئی اس کے دائیں کندھے پر ایک گہرا زخم آیا ہے لیکن وہ مرا نہیں، سائنس دانوں کا خیال ہے کہ شاید اپنی جسامت کی وجہ سے یہ بلٹ پروف ہوگیا ہے جس پر اب کوئی گولی اثر نہیں کرتی۔
https://www.youtube.com/watch?time_continue=518&v=q5cnvkHYqLg
ماہرین کا خیال ہے کہ اپنے وزن اور بڑی جسامت کی وجہ سے یہ عام اور چھوٹے مگرمچھ کی طرح پھرتیلا نہیں رہا، اسی وجہ سے یہ مچھلی، زیبرا اور ہرن وغیرہ کا شکار نہیں کرتا اور ان کے بجائے دریائی گھوڑوں ، بڑے اور سست جانوروں سمیت انسانوں کو بھی نشانہ بنارہا ہے۔
مقامی افراد کا اصرار ہے کہ یہ جانور کھاتا نہیں بلکہ انہیں گھسیٹ کر پانی میں لے جاتا ہے اور انہیں چیر پھاڑ کر اندر ہی ڈبودیتا ہے، مقامی افراد کہتے ہیں کہ یہ اب تک 300 انسانوں کا شکار کرچکا ہے۔
پی بی ایس کی دستاویزی فلم کی ٹیم اپنے ساتھ 3 ٹن وزنی پنجرہ بھی لائی تھی لیکن دو ماہ کی جدوجہد کے باوجود بھی یہ مگرمچھ گرفتار نہ ہوسکا اور اس کے بعد سیاسی حالات خراب ہونے سے امریکی ٹیم کو وہاں سے جانا پڑا، خواہ یہ کہانی ہے یا حقیقت لیکن درست بات یہ ہے گستاف ایک دیومالائی جانور کا روپ اختیار کرچکا ہے، آخری مرتبہ جون 2015ء میں گستاف ایک بیل کا شکار کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔