ن لیگ کا نگران وزیراعظم کیلئے ناصر اسلم زاہد کے علاوہ دوسرے نام پر بات سے انکار

وزیر اعظم اگر ناصر اسلم زاہد سے بہتر نام تجویز کرسکتے ہیں تو بتا دیں ضرور غور کریں گے، مشاہد اللہ خان

سندھ، بلوچستان میں نگراں سیٹ اپ کے تقرر کے بعد پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی،مشاہد اللہ خان۔ فوٹو: فائل

لاہور:
مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے نگران وزیر اعظم کے لئے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کے علاوہ کسی دوسرے نام پر غور سے انکار کردیا ہے۔


اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس کے بعد سینیٹر مشاہد اللہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن انتخابات کرانے پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے تاہم اسمبلیوں کی ایک دن تحلیل پر اتفاق رائے نہیں ہوا۔ سندھ، بلوچستان میں نگراں سیٹ اپ کے تقرر کے بعد پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی۔ بلوچستان میں نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے اپوزیشن اتحاد جبکہ سندھ میں قوم پرست اتحاد کو اعتماد میں لیا جائے۔

مشاہد اللہ خان نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے نگران وزیر اعظم کے لئے جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد کے علاوہ کسی دوسرے نام پر بات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے پارٹی قیادت نے وزیر اعظم کو کہا ہے کہ اگر وہ ناصر اسلم زاہد سے بہتر نام تجویز کرسکتے ہیں تو بتا دیں، اپوزیشن اس پر ضرور غور کرے گی۔
Load Next Story