کوئی سیاسی کارکن عدلیہ مخالف تحریک کا سوچ بھی نہیں سکتا چوہدری نثار

سیاسی جماعتیں ٹویٹس کے ذریعے نہیں چلائی جاتیں، چوہدری نثار

ایسے شخص کو سیاست دان ہی نہیں سمجھتا جس نے کبھی الیکشن نہ لڑا ہو، چوہدری نثار فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی کارکن عدلیہ مخالف تحریک کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ایک سیاسی جماعت ہی نہیں بلکہ ایک جمہوری پارٹی بھی ہے، میری مسلم لیگ (ن) سے 33 سالہ رفاقت کی بنیاد بھی یہی ہے، مجھے اس بات پر اطمینان اور خوشی ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں اظہار رائے کی جتنی آزادی ہے وہ کسی اور پارٹی میں نہیں، مسلم لیگ (ن) بطور سیاسی اور حکمران جماعت انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے، اس وقت جوش سے زیادہ ہوش سے فیصلے کرنے کی اشد ضرورت ہے، شہباز شریف کی وزیر اعظم نامزدگی کا فیصلہ اس وقت اچھا ثابت ہوسکتا ہے جب انھیں ان کی سوچ اور صلاحیت کے مطابق کام کرنے دیا جائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ہم نا تو پاگل ہیں اور نا ہی بھیڑ بکریاں


چوہدری نثار نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ٹویٹس کے ذریعے نہیں چلائی جاتیں، کوئی سیاسی کارکن عدلیہ مخالف تحریک کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا، میں تصادم کی پالیسی کے خلاف ہوں، ہمیں غیر ضروری تنازعات میں الجھنے سے گریز کرتے ہوئے تمام توجہ سیاسی مخالفین پر رکھنی چاہیے۔ ایسے شخص کو سیاست دان ہی نہیں سمجھتا جس نے کبھی لوکل کونسل کا الیکشن بھی نہ لڑا ہو، ایسے لوگوں کو مشورہ دینے کا حق ہے لیکن رائے مسلط کرنے کی گنجائش نہیں، قومی اداروں کو نشانہ بنانے کا بیانیہ دینے والے غیر سیاسی عناصر کسی صورت عوام میں پذیرائی حاصل نہیں کرسکتے اور نا ہی غیر سیاسی لوگوں کے فیصلے مسلط ہونے سے پارٹیوں کی ساکھ بہتر ہوتی ہے، مسلم لیگ (ن) موجودہ صورتحال اور آئندہ انتخابات کے تناظر میں موثر اور متفقہ بیانیہ وضع کرے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : انصاف کے دو ترازو کے خلاف تحریک چلائیں گے

واضح رہے کہ نواز شریف نے چند روز قبل عدالتی فیصلوں پر تحریک عدل شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

 
Load Next Story