علی رضا عابدی کا ایم کیوایم میں واپسی کا اعلان

علی رضا عابدی نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ جذبات اورجلد بازی میں کیا،فاروق ستار


ویب ڈیسک December 22, 2017
علی رضا عابدی نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ جذبات میں کیا،فاروق ستار،فوٹو:فائل

لاہور:

متحدہ قومی پاکستان کے منحرف رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے پارٹی میں واپسی شمولیت کا اعلان کردیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار پارٹی کے ناراض رہنما کو منانے ان کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے ملاقات کرکے علی رضا عابدی کے گلے شکوے اور تحفظات دور کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا کہا جس پر علی رضا عابدی نے پارٹی میں واپسی کا فیصلہ کرلیا۔

بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے علی رضا عابدی نے کہا کہ وہ پارٹی میں واپس آرہے ہیں اور تمام تر ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ جذبات اورجلد بازی میں کیا اس لیے میرے لیے ضروری تھا کہ میں علی رضا عابدی کو موقع دوں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی

فاروق ستار نے کہا کہ 9 نومبر کو میری کانفرنس کو بڑا سیاسی فیصلہ کہا گیا، عوام میں پی ایس پی کے ساتھ انضمام کا غلط تاثر گیا تھا اور کارکن بھی اس تاثر سے مغموم تھے جب کہ علی رضا عابدی اس صورتحال پر مستعفی ہونا چاہتے تھے لیکن آج ہم بہتر اور مضبوط ایم کیوایم کی صورت میں یہاں موجود ہیں ہم نے کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا اور حیدرآباد کا جلسہ بھی تاریخی تھا،مجموعی طور پر 2017ء ایم کیوایم پاکستان کے لیے کامیابیوں کا سال رہا۔

واضح رہے کہ ایم کیوایم پاکستان کے پاک سرزمین پارٹی سے اتحاد کے فیصلے پر علی رضا عابدی نے پارٹی چھوڑنے اور رکن قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، علی رضاعابدی کراچی کے حلقہ این اے 251 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں