’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘نے ریلیز کے پہلے ہی روز کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے

’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن 33 کروڑ روپے سے زائد کمالیے

’ٹائیگر زندہ ہے‘ پر پاکستان اور کویت میں پابندی ہے ،فوٹوفائل

KARACHI:
سلمان خان کی فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' نے ریلیز کے پہلے روز 33 کروڑ75 لاکھ کا بزنس کرکے اجے دیوگن کی 'گول مال اگین'اور ورون دھون کی'جڑواں2'کا ریکارڈ توڑ دیا۔

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' کا شمار ان فلموں میں ہوتا ہے جس کاانتظار شائقین بے چینی سے کررہے تھے۔ فلم کو بالآخرسال کے اختتامی ایام میں نمائش کے لیے پیش کردیا گیا ہے اور توقع کے مطابق فلم نے ریلیزکے پہلے ہی روز کھڑکی توڑ بزنس کرکے 'باہوبلی' کے بعد رواں سال کی سب سے زیادہ کمانے والی فلموں 'گول مال اگین اور 'جڑواں2'کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے گزشتہ روز ہی فلم کو بلاک بسٹر قراردے دیا تھا۔



فلم کو بھارت میں 4600اسکرینز پرنمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ ترن آدرش نےٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم نے ریلیز کے پہلے روز33کروڑ75 لاکھ کا بزنس کیا ہے۔




ترن آدرش نے رواں سال باکس آفس پر سب سے زیادہ آمدنی والی فلموں کے بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 2017 میں فلم'باہو بلی2'ریلیز کے پہلے روز41کروڑکا بزنس کرکے نمبر ون رہی، جب کہ سلمان اور کترینہ کی 'ٹائیگر زندہ ہے'نےریلیز کے پہلےروز33 کروڑ75 لاکھ کماکر دوسرا نمبر حاصل کیا ہے۔ فلم 'گول مال اگین'کا پہلے روزکا بزنس 30کروڑ14لاکھ، 'ٹیوب لائٹ'کا 21 کروڑ15 لاکھ اور فلم 'رئیس'کا 20 کروڑ42 لاکھ تھا۔



جب کہ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ٹائیگرزندہ ہے' کے لیے صرف یہی کہنا چاہوں گا کہ ہدایت کار علی عباس ظفر نے اپناوعدہ پورا کیا یہ فلم دیکھنے کے لائق ہے۔



'ٹائیگر زندہ ہے'دراصل 2012 میں ریلیز ہوئی بلاک بسٹر فلم 'ایک تھا ٹائیگر'کا سیکوئل ہے جس میں سلمان خان اور کترینہ کیف نے مرکزی کردارادا کیا تھا۔ پہلی فلم کی طرح یہ فلم بھی ایکشن، سسپنس اورایڈونچر سے بھرپور ہے جس میں سلمان خان اور کترینہ کیف بھارت اور پاکستان سے تعلق رکھنے والی 40 نرسوں کو دہشتگردوں سے بچاتے نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ 'ٹائیگر زندہ ہے' پر پاکستان اور کویت میں پابندی عائد ہے جب کہ فلم دیگر ممالک میں بھی اچھا بزنس کر رہی ہے۔ دبئی میں فلم نے 6 کروڑ8لاکھ اورآسٹریلیا میں ایک کروڑ ایک لاکھ کابزنس کیا ہے۔
Load Next Story