بلوچستان كے لوگوں سے غیر ملكیوں کی طرح برتاؤ کیا جارہا ہے شیری رحمان

كوئی بھی حکومتی رکن كوئٹہ چرچ حملے کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرنے نہیں آیا، رہنما پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک December 23, 2017
پیپلز پارٹی مسیحی برادری كے درد كو محسوس كرتی ہے اور دكھ كی اس گھڑی میں ان كے ساتھ كھڑی ہے، شیری رحمان . فوٹو: فائل

پاكستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے كہا ہے كہ حكومت بلوچستان كے لوگوں اور اقلیتوں سے غیر ملكیوں كی طرح برتاؤ كر رہی ہے، مسیحی برادری اکیلی نہیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔

یہ بات انہوں نے پی پی رہنماؤں نیئر حسین بخاری اور فرحت اللہ بابر کے ہمراہ كوئٹہ چرچ حملے کے متاثرہ خاندانوں كے ساتھ یكجہتی كا اظہار كرنے کے لیے كوئٹہ كا دورہ کرتے ہوئے کہی۔دورے كہ بعد سینیٹر شیری رحمان نے كہا كہ میں حیران ہوں كہ اس انتہائی افسوس ناک واقعے كے بعد بھی وفاقی یا صوبائی حكومت میں سے كوئی بھی كوئٹہ چرچ حملے کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرنے نہیں آیا۔

شیری رحمان نے کہا کہ حكومت بلوچستان كے لوگوں اور اقلیتوں سے غیر ملكیوں كی طرح برتاؤ كر رہی ہے جب کہ ہم یہاں مسیحی برادری كو یقین دلانے آئے ہیں كہ وہ اكیلے نہیں ہیں، پیپلز پارٹی ان كے درد كو محسوس كرتی ہے اور دكھ كی اس گھڑی میں ان كے ساتھ كھڑی ہے۔

پیپلزپارٹی كے رہنماؤں نے متاثرین کو یقین دہانی كرائی كہ وہ ان كی زندگیوں كی دوبارہ تعمیرنو میں مدد كریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو شدید زخمیوں كا علاج كراچی كے اسپتالوں میں كیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں