سندھ میں غیرجانبدار نگراں وزیراعلیٰ مقرر کیاجائے امتیاز شیخ

اپوزیشن نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ہمارے تجویزکردہ ناموں پر غور نہیں کیا۔


Staff Reporter March 17, 2013
اپوزیشن نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ہمارے تجویزکردہ ناموں پر غور نہیں کیا۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری امتیاز احمد شیخ نے کہاہے کہ،سندھ میں غیر جانبدار نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کیاجائے۔

سند ھ اسمبلی میں حزب اختلاف کے متعلق ہمارا مؤقف درست ثابت ہوگیا ہے کہ یہ حکومت اور اتحادیوں کا گٹھ جوڑ ہے ، سندھ میں نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے اپوزیشن لیڈر سید سردار احمد نے ہم سے نام مانگے ،اختلافات کے باوجود ہم نے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے 3نام دیے لیکن انھوں نے ہمارا ایک بھی نام لسٹ میں شامل نہیں کیا۔

ہمیں خدشہ ہے کہ حکومت اور نام نہاد اپوزیشن ایک اور گٹھ جوڑ کرکے سامنے لائے گئے ناموں سے ہٹ کر سیاسی نگراں وزیراعلیٰ بنانے کی تیاری کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو فنکشنل ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر فنکشنل لیگ کے جام مدد علی ، نصرت سحر عباسی ، کامران ٹیسوری ، میر محمد کھوکھر ، ڈاکٹر تاج اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ، امتیاز احمد شیخ نے مزید کہا کہ حکومت اور ان کے اتحادیوں سے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر اختلافات آج بھی موجود ہیں ۔



لیکن ڈائیلاگ کے راستے سب کے لیے کھلے ہیں ، اسی لیے جب سید سردار احمد نے ہم سے رابطہ کیا اور سند ھ کے نگراں وزیراعلٰی کے نام مانگے تو ایک بہتر سیاسی ماحول بنانے کے لیے ہم نے تین نام تجویز کیے لیکن جب انھوں نے اپنے نام سامنے لائے توان میں ہمارے تجویز کردہ ایک بھی نام نہیں تھا جس طرح گز شتہ پانچ برسوں میں حکومت اور نام نہاد اپوزیشن کا گٹھ جوڑ رہا ہے۔

آج بھی وہ جاری ہے ، انھوں نے مزید کہا کہ پی پی حکومت نے جاتے جاتے شاہی حکم نامے جاری کرتے ہوئے سندھ کے انتظامی نظام کی بنیادیں ہلا دی ہیں ، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ پی پی نے پانچ برسوں میں سندھ کے عوام کے ووٹ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے بے روزگاری بد امنی اور مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔