ویلنگٹن ٹیسٹ براڈ کی بمباری سے کیویز نڈھال فالوآن کا شکار

میک کولم اور بریڈلی جان واٹلنگ کی ففٹیز، دوسری باری میں77 پر ایک وکٹ گر گئی

میک کولم اور بریڈلی جان واٹلنگ کی ففٹیز، دوسری باری میں77 پر ایک وکٹ گرگئی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

PESHAWAR:
ویلنگٹن ٹیسٹ میں اسٹورٹ براڈ کی بمباری نے کیویز کو نڈھال کردیا۔

ٹیم 254 رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی، برینڈن میک کولم اور بریڈلی جان واٹلنگ کی ففٹیز بھی انگلش اٹیک کے آگے بند نہیں باندھ پائیں، دوسری باری میں بھی دن کے اختتام پر میزبان سائیڈ کی 77 پر ایک وکٹ گرگئی۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے تیسرے دن کھیل کا آغاز 66 رنز تین وکٹوں سے کیا جلد ہی کین ولیمسن نے 42 رنز پر اسٹورٹ براڈ کو ریٹرن کیچ تھما دیا، تین بالز بعد دوسرے اوور نائٹ بیٹسمین ڈین براؤنلی 18 رنز پر جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اس طرح نیوزی لینڈ کی 89 گیندوں پر 5 وکٹیں گرگئیں۔




اس موقع پر وکٹ پر برینڈن میک کولم اور واٹلنگ اکھٹے ہوئے، دونوں کے درمیان 100 رنز کی شراکت ہوئی اور لنچ تک اسکور 169 تک پہنچ گیا، اس موقع پر محسوس ہورہا تھا کہ کیویز فالو آن سے بچ جائیں گے مگر مڈل سیشن میں یکدم وکٹوں کی جھڑی لگ گئی، آخری پانچ کھلاڑی صرف 65 رنز کے دوران آؤٹ ہوئے، میک کولم نے خود کو براڈ سے تو بچالیا مگر آخر کار 69 رنز بنانے کے بعد اسٹیون فن کا شکار بن گئے، سلپ موجود جوناتھن ٹروٹ نے گیند کو ہاتھوں میں محفوظ کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی، وہ اس سے پہلے واٹلنگ کا کیچ ڈراپ کرچکے تھے جنھوں نے 60 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ براڈ کو عطیہ کی۔

کیچ وکٹ کیپر میٹ پرائر نے تھاما، نیل ویگنر (صفر) اور ٹرینٹ بولٹ (2) بھی اسی جوڑی کا نشانہ بنے۔ براڈ نے 17.2 اوورز میں 51 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیں۔ میزبان سائیڈ 254 رنز پر آؤٹ ہوئی جبکہ211 رنز کا خسارہ برقرار تھا، اس لیے مہمان کپتان الیسٹر کک نے اسے دوبارہ بیٹنگ کرنے کو کہا ، 25 کے مجموعی اسکور پر اوپنر ہمیش ردرفورڈ، مونٹی پنیسر کی گیند پر ای ین بیل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انھوں نے 15 رنز بنائے، جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو پیٹرفلٹن 41 اور ولیمسن 16 رنز پر کھیل رہے تھے۔
Load Next Story