سیریز کی منسوخی پاکستانی اولمپئنز بھارت کے فیصلے پر سخت برہم

کھیلوں کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا انتہائی افسوسناک ہے، خواجہ جنید

کھیلوں کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا انتہائی افسوسناک ہے، خواجہ جنید فوٹو:فائل

پاکستانی اولمپئنزسیریزکی منسوخی کے بھارتی فیصلے پر سخت برہم دکھائی دیتے ہیں۔

سابق کپتان محمد عثمان کا کہنا ہے کہ باہمی میچز نہ ہونے سے پاکستان کے بجائے بھارت کو زیادہ نقصان پہنچے گا،انھوں نے کہا کہ خود کو جمہوریت کا چیمپئن قرار دینے والے بھارت کا اصلی چہرہ کھل کردنیا کے سامنے آگیا، سابق کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ کھیلوں کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا انتہائی افسوسناک ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہی خطے میں ہاکی کے فروغ کی خاطر اقدامات کیے مگر بھارتی رویہ منفی رہا۔ قومی جونئیر ہاکی ٹیم کے کوچ انجم سعید نے کہا کہ خطے میں ہاکی کی موجودہ صورتحال میں یہ سیریز بہت اہم تھی، مگر بھارتی حکومت کی روایتی ہٹ دھرمی کھیل کے فروغ کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔




اولمپئن دانش کلیم نے کہا کہ پاک بھارت ہاکی سیریز کا فائدہ پاکستان سے زیادہ بھارت کو ہوتاکیونکہ ہماری ٹیم اس وقت بھارتی سائیڈ کے مقابلے میں بہت اچھی ہے ۔ قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ذیشان اشرف نے کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کھیل اور کھلاڑی دونوں کو ہی نقصان پہنچا رہی ہے، پی ایچ ایف نے اپنی ٹیم کو پڑوسی ملک بھجوانے کا معاملہ حکومتی اجازت سے مشروط کر کے بہترین فیصلہ کیاکیونکہ ملکی عزت و وقار سے بڑھ کرکوئی چیز نہیں ہے، پاکستان نے ہمیشہ بھارت میں ہونے والے ایونٹس میں شر کت کر کے عملی طور پر یہ ثابت کیا کہ ہم کھیلوں سے محبت کر نے والے لوگ ہیں۔
Load Next Story