پی ایس بی نے سوئمنگ فیڈریشن کے فنڈز روک لیے

پلیئرزکی ٹریننگ اوربین الاقوامی ایونٹس میں شرکت مشکوک ہوگئی،ماجد وسیم۔

پلیئرزکی ٹریننگ اوربین الاقوامی ایونٹس میں شرکت مشکوک ہوگئی،ماجد وسیم. فوٹو: وکی ہیڈیا

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے سوئمنگ فیڈریشن کے فنڈز روک لیے۔

متاثرہ فیڈریشن کے صدر ماجد وسیم نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو میں بتایا کہ اسپورٹس پالیسی پر سو فیصد عمل درآمد کے باوجود پی ایس بی کی جانب سے ناروا سلوک برتا جارہا ہے،فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوںکی ٹریننگ اور بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے، انھوں نے کہا کہ ماضی میں ٹیم نے پاکستان کے سینے پر متعدد میڈلز سجائے، پلیئرز کو جدید ٹریننگ فراہم کی جائے تو مزید اعزاز حاصل کرسکتے ہیں، موجودہ صورتحال میں وہ سخت پریشان ہیں۔


انھوں نے کہا کہ ہم قومی اسپورٹس پالیسی پر سو فی صد عمل درآمد کر رہے ہیں اس کے باوجود اسپورٹس بورڈ نے جنوبی ایشیائی کھیلوں کیلیے دیگر ٹیموں کے تو کیمپس لگا رکھے ہیں مگرسوئمنگ کو لاوارث چھوڑ دیا گیا، ماجد وسیم نے اعلیٰ حکام سے اس معاملے کا سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تاکہ کھلاڑیوں کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچایا جاسکے۔



یادرہے کہ سوئمنگ فیڈریشن کے عہدیداروں کی مدت 25 جنوری کو ختم ہوگئی تھی جس کے اگلے روز جنرل کونسل میٹنگ میں 2016 تک نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا، اس موقع پر اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے، الیکشن میںکامران لاشاری فیڈریشن کے چیئرمین، میجر ماجد وسیم صدر، وینا مسعود جنرل سیکریٹری اورآصف اورگزئی خازن منتخب ہوئے۔ ماجد وسیم نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے تمام معلومات اسپورٹس بورڈ کو فراہم کی گئیں اس کے باوجود شعبہ فنانس نے فیڈریشن کو فنڈز جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔
Load Next Story