کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاریمزید7افرادہلاک10زخمی
کھارادرممبئی بازارمیں متحدہ کے دفترکے قریب لیاری گینگ کی فائرنگ،2جاں بحق،خوف وہراس
شہرمیں موٹرسائیکل پرڈبل سواری کی پابندی کے باوجودٹارگٹ کلنگ کاسلسلہ جاری رہا، پرتشددواقعات میں مزید7افرادہلاک جبکہ باپ بیٹے سمیت 10افرادزخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نیوکراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹرفائیو جی میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 35سالہ محمدندیم ہلاک ہوگیا،مقتول مسافر بس روٹ W-11 کا ڈرائیور تھا اور موٹرسائیکلیں بھی کرائے پر دیتاتھا،وہ 7 بھائیوں اور 2 بہنوں میں سب سے بڑاتھا،مقتول نیوکراچی سیکٹر 5-G مکان نمبر 557/14 کارہائشی تھا،مقتول کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج تھے۔بلدیہ ٹائون کے علاقے مدینہ کالونی میں نامعلوم افراد نے گھرکے اندر گھس کر فائرنگ کرکے40سالہ اسلم نیازی کوہلاک جبکہ اس کے بیٹے20سالہ عمیرکوزخمی کرادیا،مقتول اسلم نیازی ٹرانسپورٹرہے،واقعہ بھتہ خوری کاشاخسانہ معلوم ہوتاہے۔لیاری کے علاقے سنگولین میں فائرنگ سے لیاری گینگ وار کاکارندہ ظہیربلوچ ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق لیاری گینگ وار کے دو گروپوں میں مسلح تصادم ہوگیاجس کے نتیجے میں بابالاڈلا گروپ کا کارندہ ظہیر بلوچ ہلاک ہوگیا۔واقعے کے بعدکلاکوٹ کے علاقے میں لیاری گینگ وارکے کارندے دوبارہ سرگرم ہوگئے اوردو طرفہ فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیااورعلاقہ مکین گھروں میں محصور ہوگئے ،فائرنگ کے باعث مزیدایک اور شخص ہلاک ہوگیاجس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔کھارادر کے علاقے ممبئی بازارمیں متحدہ قومی موومنٹ رنچھوڑلائن سیکٹر کے یونٹ 27 کے قریب10سے زائدموٹرسائیکلوں پرسوارمسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
جس کے نتیجے میں 30 سالہ فرازاور 29 سالہ مدثرجاں بحق ہوگئے جبکہ3افرادرحمٰن منصور ، خالد اور تیمورزخمی ہوگئے ،اطلاعات کے مطابق ملزمان 10 منٹ سے زائددیرتک شدید فائرنگ کرتے رہے اورانھیں کوئی روکنے والا نہیں تھاجبکہ کچھ ہی فاصلے پر کھارادر تھانہ اور پولیس لائن تھی،ملزمان کی دیدا دلیری اورپولیس کی نااہلی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی کے باوجودموٹر سائیکلوں پرکئی افراد سوار ہو کر مسلح گھومتے اورفائرنگ کرتے رہے ،ہلاک ہونے والا فراز پولیس انسپکٹرملک نواز کا بیٹا اورکرائم برانچ ون لیمارکیٹ میں تعینات تھا،زخمیوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ لیاری گینگ وار کے کارندوں نے کی تھی۔مقتول مدثر متحدہ کا ہمدرد اور مال والا اپارٹمنٹ کارہائشی تھاجبکہ مقتول فراز کھارادرپولیس لائن کا رہائشی تھا۔
لانڈھی ظفرٹاؤن مکان نمبر B-68 میں 2 نامعلوم مسلح ملزمان داخل ہوکرفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 40سالہ رفیق گل ہلاک ہوگیا،مقتول راج مستری کاکام کرتا تھاجس وقت فائرنگ ہوئی مقتول کی اہلیہ ثمینہ اور بچے بھی گھر پر موجود تھے تاہم ملزمان نے انھیں کچھ نہیں کہااور رفیق کوہلاک کر کے فرار ہوگئے۔کلفٹن انڈرپاس کے قریب ڈاکوئوںکی فائرنگ سے مزاحمت پر40 سالہ شاہدشدید زخمی ہوگیا،نمائش چورنگی پر حسینی بلڈبینک کے قریب بھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے45سالہ محمدابراہیم جبکہ ناظم آباد چار نمبرپر 40سالہ اللہ داداور اس کا بیٹا 18 سالہ شہروز زخمی ہوگئے۔کالا پل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ اشفاق، سعید آبادمیں 8 سالہ انیسہ اور9 سالہ عطااﷲ زخمی ہوگئے ۔