کراچی میں اسکول پرنسپل کے شوہر نے قتل کا اعتراف کرلیا

عدالت نے شوہر علی حسن، دوسری بیوی سحر اور سالے بالاج کو 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا


Zohaib Jiye Ja/ December 25, 2017
عدالت نے علی حسن، دوسری بیوی سحر اور سالے بالاج کو 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ فوٹو: فائل

سولجر بازار میں فائرنگ سے قتل ہونے والی اسکول پرنسپل کے شوہر علی حسن نے عدالت میں اقبال جرم کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں قتل ہونے والی اسکول پرنسپل عنبرین فاطمہ کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ مقتولہ کے شوہر علی حسن نے عدالت میں بیوی کے قتل کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے سٹی کورٹ میں شوہر علی حسن، دوسری بیوی سحر اور سالے بالاج کو عدالت میں پیش کیا۔ علی حسن نے کہا کہ کیس میں گرفتار دیگر ملزمان سحر اور بالاج کا واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں اسکول پرنسپل کے پراسرارقتل کا معمہ حل، شوہرقاتل نکلا

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ اعتراف جرم کررہے ہیں؟، اعترافی بیان دینے کے لیے قانونی طریقہ موجود ہے۔ ملزم نے کہا کہ میں یہ بیان پولیس کے سامنے بھی دے چکا ہوں۔ ملزم کی بیوی سحر نے بیان میں کہا کہ علی حسن نے اس سے پستول مانگا جو اس نے دے دیا لیکن اسے نہیں پتا تھا کہ ملزم نے پستول کس مقصد کے لیے لیا ہے۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ علی حسن نے پہلی عنبرین فاطمہ کو قتل کرکے ڈکیتی مزاحمت کا رنگ دے دیا، واردات میں استعمال ہونے والا پستول ابھی برآمد کرنا ہے۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو 28 دسمبر تک 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے سولجربازار میں 9 دسمبر کو عنبرین فاطمہ کو اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ اپنے شوہرعلی حسن کے ہمراہ کار میں جارہی تھی جبکہ ملزم نے واردات کو ڈکیتی کا رنگ دیا تھا۔

علی حسن نے پہلی بیوی کو قتل کرنے کیلیے دوسری بیوی سے اسلحہ لیا
3ماہ قبل ہونے والی پسند کی خفیہ شادی نے شوہر کو قاتل بنا دیا، قاتل شوہر بیانات میں پہلی بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف اوردوسری بیوی ملزمہ کو بچانے کی کوشش کرتا رہا،قاتل شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے لیے دوسری بیوی سے اسلحہ لیا،اسلحہ ملزمہ کے بھائی پولیس اہلکار کا تھا جو فرار ہے، ملزمہ اور سالے کی گرفتاری کے بعد اہل خانہ گھر چھوڑ کر غائب ہوگئے۔

گرفتار شوہرعلی حسن مقتولہ بیوی امبرین کو کھانا کھلانے اور گھمانے کے بہانے لے کر گیا اور واپسی پر اسے کنپٹی پر گولی ماردی،تفصیلات کے مطابق 3ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والے قاتل شوہر نے اپنی دوسری بیوی سے اسلحہ لے کر پہلے بیوی کوگولی ماری تھیدوسری بیوی گرفتار ملزمہ سحر شمس نے اپنے گرفتار شوہر علی حسن کو گھر میں رکھا ہوا اسلحہ دیا، اسلحہ ملزمہ سحر شمس کے بھائی پولیس اہلکار بلال کا تھاملزمہ سحر شمس نے تفتیشی افسر کو بتایا کہ قاتل شوہر علی حسن نے اسلحہ دھمکانے کے لیے مانگا تھا، بھائی کی اجازت کے بغیر اسلحہ شوہر علی حسن کو دیا۔

علی حسن نے بیوی کو گولی مارنے کے بعد موبائل فون پر اطلاع دی،گرفتار شوہر، بیوی اور سالے کی گرفتاری کے بعد سحر کے اہل خانہ گھر چھوڑ کر غائب ہوگئے،بھائی بلال بہن کی گرفتاری کے بعد سے فرار ہے،پولیس نے گرفتار ملزمہ سحر شمس کے گھر پر چھاپے بھی مارے لیکن گھر میں تالہ لگا ہونے کے باعث پولیس ناکام واپس لوٹی، گھر کے باہر بلال کی گاڑی موجود ہے۔

بلال نے دو روز قبل گاڑی کھڑی کی اس کے بعد گھر نہیں آیا، گرفتار ملزم علی الحسن پسند کی شادی کرنے والی دوسری بیوی کو بچانے کی کوشش کرتا رہا اور بتایا کہ دوسری بیوی نے اسلحہ میرے اصرار کرنے پر دیا، اس کے علاوہ دوسری بیوی کا کوئی قصور نہیں۔

سحر شمس کے اہل خانہ نےرخصتی کی تیاری مکمل کرلی تھی
قاتل شوہر کی دوسری بیوی کے اہل خانہ نے رخصتی کی تیاریاں کرلی تھی لیکن پہلی بیوی کے قتل نے رخصتی کا معاملہ بگاڑدیا ،شادی کی دعوت رشتے داروں اور پڑوسیوں میں زبانی دی جاچکی تھی نارتھ ناظم آباد میں ہال بھی بک کرایا گیا تھا،تفصیلات کے مطابق قاتل شوہر وگرفتار ملزم علی حسن کی دوسری بیوی سحر شمس کے اہل خانہ کی جانب سے شادی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں لیکن جب شوہر نے بیوی کو قتل کیا تو ملزمہ سحر شمس کی رخصتی نہ ہوسکی اور ملزمہ کے گھر میں بے یقینی سی صورتحال پیدا ہو گئی۔

نارتھ ناظم آباد میں رخصتی کی تقریب کے لیے ہال بھی بک کرایا گیا، اور مہمانوں کے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا بعد میں بکنگ منسوخ کردی گئی رخصتی کے لیے رشتے داروں اور پڑوسیوں کو زبانی دعوت 20 دسمبر کی دی گئی تھی اور بعد میں دعوت نامہ بھیجنے کا بھی کہا گیا تھا،ملزمہ سحر شمس کے پڑوسیوں نے بتایا کہ والد اسٹیل ملز سے رٹائرڈ ہیں اور بیٹی کی رخصتی کی تقریب کے لیے دعوت بھی دی تھی لیکن ملزمہ کی گرفتاری کے حوالے سے پڑوسی لاعلم تھے،مقتولہ کے اہلخانہ سولجر بازار عامل کالونی میں واقع الارض ٹیرس کے رہائشی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں