فلم ’ ٹائیگر زندہ ہے‘ نے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کردی

سلمان خان کی فلم نے متعدد ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔


ویب ڈیسک December 25, 2017
فلم’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے متعدد ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔ - فوٹو: فائل

لاہور: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان باکس آفس پر نت نئے ریکارڈ بنانے میں ایک الگ پہچان رکھتے ہیں اور اب ان کی نئی فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' نے ایک بار پھر متعدد ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔

بالی ووڈ کے دبنگ خان کی پچھلی فلم 'ٹیوب لائٹ' کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد یہ کہا جارہا تھا کہ شاہ رخ خان کی طرح اب سلو میاں کا دور بھی ختم ہونے والا ہے اور اب ان کی فلمیں بھی پہلے کی طرح کامیاب نہیں ہوا کریں گی لیکن ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' کی کامیابی نے ان تمام دعووں کو غلط ثابت کردیا ہے اور فلم کی تین دن کے بزنس کے بعد ہی اسے بلاگ بسٹر کہا جارہا ہے۔



بھارتی تجزیہ کار ترن ادارش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مختلف ٹوئٹس کی جن سے بالی ووڈ کے سلطان کے ریکارڈز کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' نے تیسرے ہی دن 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا، یوں یہ 100 کروڑ کلب میں داخل ہونے والی سلمان خان کی 12ویں فلم بن گئی، اس حساب سے کوئی بھی بھارتی اداکار سلمان خان کے مدمقابل نہیں، اب دیکھنا یہ ہے یہ فلم 'بجرنگی بھائی جان' اور 'سلطان' کا 300 کروڑ سے زائد کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوگی یا نہیں۔



فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' نے تین دن میں 114 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے سلمان خان کی اپنی فلموں کا ریکارڈ بھی توڑا جب کہ پہلے دن 33 کروڑ سے زائد کی کمائی کرکے رواں سال کی دوسری بڑی فلم ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا، اس سے قبل فلم 'باہو بلی ٹو' نے پہلے روز 41 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔ 'ٹائیگر زندہ ہے' نے تیسرے روز 45 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے بھارت میں کسی بھی دن سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

واضح رہے علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' سلمان خان کی کامیاب فلم 'ایک تھا ٹائیگر' کا سیکوئل ہے جس کی ہدایت کاری کبیر خان نے دی تھی۔ دونوں فلموں میں بالی ووڈ سلطان اور کترینہ کیف پاکستانی اور بھارت کے خفیہ ایجنٹس کے کردار ادا کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں