ٹنڈو الہ یار ڈی سی سیکریٹریٹ میں لاکھوں روپے کی کرپشن کا انکشاف

اسلحہ لائسنس کی مد میں وصول ہونیوالے لاکھوں روپے ہڑپ، ڈپٹی کمشنر نے کلرک کو معطل کردیا، تحقیقات کا حکم


Nama Nigar March 18, 2013
ڈی سی سیکریٹریٹ کے جونیئر کلرک عبدالصمد انصاری نے مختلف بور کے اسلحے کے درجنوں لائسنس جاری کیے جن کی مبینہ طور پر لاکھوں روپے چالان کی رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائی گئی۔ فوٹو: فائل

ٹنڈوالٰہیار میں اسلحہ کے لائسنس کی مد میں وصول ہونے والی رقم کو آفس کلرک کی جانب سے ہڑپ کیے جانے کا انکشاف، اسلحے فیس کی مد میں لاکھوں روپے وصول کرکے درجنوں لائسنس کا اجرا کرنے والے کلرک کو معطل کرکے ڈی سی نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی سی سیکریٹریٹ کے جونیئر کلرک عبدالصمد انصاری نے مختلف بور کے اسلحے کے درجنوں لائسنس جاری کیے جن کی مبینہ طور پر لاکھوں روپے چالان کی رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کلرک نے اس کام کے لیے سابقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالٰہیار محمد یوسف عباسی سے اجازت لی تھی تاہم سابقہ ڈپٹی کمشنر سید مھدی علی شاہ سے اجازت نامہ نہیں لیا گیا اور نہ ہی ان کے علم میں لایا گیا، موجودہ ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالٰہیار آغا عبدالرحیم پٹھان نے مذکورہ کلرک کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا.

1

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مذکورہ کلرک کو معطل کرکے 2 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو چند روز میں رپورٹ د ے گی، رپورٹ آنے کی صورت میں باقاعدہ کارروائی کی جائے گی، جب ڈپٹی کمشنر کی قائم کردہ 2 رکنی کمیٹی کے رکن اور آفس سپرنٹنڈنٹ اعجاز بوزدار نے بتایا کہ لائسنس کے اجرا کے لیے سابقہ ADC1 سے اپروول لی گئی تاہم کلرک نے سرکاری خزانے میں چالان کی رقم جمع نہیں کرائی ہے۔ تحقیقات کے بعد ساری صورت حال سامنے آجائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کلرک کے ساتھ دیگر ملازمین بھی کرپشن میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔