پاکستان جمہوری ملک ہے جہاں عوام لیڈرزکوچنیں گے چیف جسٹس پاکستان

ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، جسٹس ثاقب نثار

سپریم کورٹ کے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزکو طلب کر لیا فوٹو: فائل

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارنے پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کا غیر معیاری پرائیویٹ لا کالجز سے الحاق سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے ہیں کہ پاکستان جمہوری ملک ہے جہاں عوام لیڈرزکو چنیں گے اور ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔


سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے 9 پبلک سیکٹریونیورسٹییزکا غیر معیاری پرائیویٹ لا کالجز سے الحاق کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کسی ملک کی ترقی کے لیے تعلیم، علم اورنالج ضروری ہے، لوگ کہتے ہیں کہ میں اس کام میں لگ کرخیر دین اور محمد دین کے کیس بھول گیا ہوں، پاکستان جمہوری ملک ہے، یہاں عوام لیڈرز کو چنیں گے اور ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، ان یونیورسٹیوں نے کتنے کالجز سے الحاق کیا ہے حلف نامے داخل کریں۔

چیف جسٹس نے لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت کیس کی فائل بھی سپریم کورٹ منگواتے ہوئے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو طلب کر لیا۔ کیس کی مزید سماعت 20 جنوری کو ہوگی۔
Load Next Story