اب کسی کو این آر او دینے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گےآصف زرداری

مخالفین جان لیں ہم میں برداشت ہے مگرآپ میں برداشت کی ہمت نہیں،آصف زرداری


ویب ڈیسک December 27, 2017
مخالفین جان لیں ہم میں برداشت ہے مگرآپ میں برداشت کی ہمت نہیں،آصف زرداری،فوٹو:فائل

ISLAMABAD: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں اب دہرا انصاف نہیں چلے گا اگر اب کسی کو این آر او دینے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے۔

بے نظیر بھٹو شہید کی 10ویں برسی کے موقع پرگڑھی خدابخش میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہمارا فلسفہ ہمیں صبرسکھاتا ہے مخالفین جان لیں ہم میں برداشت ہے مگرآپ میں برداشت کی ہمت نہیں، سارے آر اوکے بنائے ہوئے لیڈرزہیں،انڈوں سے گندے بچے نکل رہے ہیں جو آپ کے خلاف کام کرتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پرویزمشرف کو والدہ کا قاتل سمجھتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری



سابق صدر نے کہا کہ جس طرح آپ کوہم سے ایشوزہیں ہمیں بھی آپ سے ایشوزہیں آپ نے ہمیشہ ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے آج بھی آپ کوشش کررہے ہیں کہ کوئی این آر او مل جائے لیکن کسی نے این آر او دینے کی کوشش کی تو مزاحمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے خلاف سازش ہوئی ہےاورسازش اب تک جاری ہے لیکن مجھے پارٹی کوسنبھال کرچلانا ہے، تاریخ میں مجھ جیسے بہت لیڈرآئیں گے اورجائیں گے مگرنام بھٹوکا رہے گا۔



آصف زرداری نے کہا کہ آج 10 سال ہوئےہیں لگتا ہے کل بےنظیرہم سے رخصت ہوئی ہیں آج برسی کے موقع پر اپنی بیٹیوں اور بیٹے کے ساتھ آیا ہوں،بلاول،بختاور اورآصفہ قوم کے بچے ہیں اور میں ہر ورکر کو اپنا بچہ سمجھتا ہوں، میرا ایک ورکر زخمی یاشہید ہوتا ہے تو دل روتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بےنظیرجیسی لیڈر صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیامیں کوئی نہیں، میں نےبےنظیرجیسا بہادر کوئی مرد بھی نہیں دیکھا۔



دوسری جانب جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ بی بی کا پاکستان دنیا میں اکیلا ہورہا ہے، انہوں نے 30 سال جمہوریت کے لیے جدوجہد کی اور آمروں کے خلاف تحریکیں چلائیں، بی بی نے ہمیشہ صوبوں کے حقوق کی بات کی اور خواتین کو بااختیار کرنے کی جدو جہد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے جمہوریت اور پارلیمان کو کمزور کیا، آج ہر ادارے کی آزادی کو ختم کرکے انہیں کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے، ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے اور معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔



چیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گرد جب چاہتے ہیں حملہ کرتے ہیں، آج بھی ہمارے اسکول کالجز اور عبادت گاہیں محفوظ نہیں جب کہ کل بی بی شہید کو عدالت کے چکر لگوانے والے حکمران آج عدالت کے باہر چیخ رہے ہیں اور خود کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے بھٹو شہید کے قاتلوں کا ساتھ دیا جب کہ جو دوسروں کو چور چور کہ رہے تھے آج سب سے بڑی چوری میں پکڑے گئے ہیں، انصاف کے سوداگر آج انصاف کی دہائی کررہے ہیں۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ جس نے بی بی کی شہادت کی تعزیت نہیں کی وہ آج سندھ میں آکر انہیں مظلوم کہہ رہا ہے تاہم ان کی سیاست اشاروں پر چل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس عدلیہ کی آزادی کے لیے بی بی نے جدوجہد کی اور کارکنوں نے خون بہایا اس عدلیہ سے ہمیں، بی بی اور شہید بھٹو کو انصاف نہیں ملا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں