سندھ اسمبلی 19 مارچ کو تحلیل کرنے پر اتفاق نگراں وزیراعلیٰ پر ڈیڈ لاک برقرار

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے مابین آج پھر مذاکرات ہوں گے، اتوار کی نشست میں کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا.


Staff Reporter March 18, 2013
سندھ کے اعلیٰ منصب کیلیے جسٹس دیدار حسین شاہ، جسٹس حامد مرزااور جسٹس غوث محمد مصبوط امیدوار ہیں۔ فوٹو: فائل

سندھ میں نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق کے لیے پیپلز پارٹی اورایم کیوایم کے رہنماؤں کے مابین اتوار کو گورنر ہاؤس میں طویل مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکے۔

دونوں جماعتوں میں آج (پیرکو )دوبارہ مذاکرات ہوں گے ۔ مذکرات میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیرا علیٰ سندھ قائم علی شاہ بھی موجود تھے ۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے صوبائی وزراء پیر مظہر الحق، ایاز سومرو اور سیدمراد علی اور ایم کیوایم کی جانب سے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید سرداراحمد، فیصل سبزواری اورڈاکٹر صغیر احمد شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کے ناموں اور سندھ اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے ایم کیوایم کو جسٹس(ر)دیدار شاہ اور جسٹس (ر)حامد مرزا کے نام دیے جس پر ایم کیوایم کے رہنماؤں نے جواب دیا کہ وہ اس حوالے سے رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔ ملاقات میں ایم کیوایم اور دیگر جماعتوں کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے دیے جانے والے ناموں پر بھی غور کیاگیا پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نیکہاکہ وہ پارٹی قیادت سے مشاورت کرکے جواب دیں گے۔ ملاقات میں فیصلہ کیاگیا کہ مشاور ت کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔

6

ذرائع کے مطابق ملاقات میں طے ہوگیا کہ سند ھ اسمبلی 19مارچ کو تحلیل کردی جائے گی اور نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کا انتخاب 24 گھنٹوں میں ہو جائے گا ۔ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے جسٹس (ر)دیدار حسین شاہ، جسٹس (ر)حامد مرزااور جسٹس (ر)غوث محمد مصبوط امیدوار ہیں۔

گورنر ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق گورنر ہائوس میں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمائوں نے گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ صورتحال، صو بے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی پیش رفت سمیت اہمیت کے حامل مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی حکومت کی 5 سالہ کارکردگی پر مشتمل کیٹلاگ بھی گورنر سندھ کو پیش کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں