ایشوریا رائے اگلی فلم میں ڈبل رول نبھائیں گی

ایشوریا 1967 میں ریلیز ہوئی فلم ’رات اور دن‘ کے ری میک میں کام کریں گی


ویب ڈیسک December 28, 2017
ایشوریا رائے ان دنوں فلم’پھنے خان‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں؛ فوٹوفائل

نامور بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے اپنی اگلی فلم میں ڈبل رول نبھائیں گی۔

بالی ووڈ اور ڈبل رول کارشتہ بہت پراناہے۔ بھارتی فلم انڈسٹری میں ڈبل رول کا فارمولا ہمیشہ کامیاب ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ ماضی میں ہیرو اور ہیروئن کے ڈبل کرداروں پرمشتمل بہت سی فلمیں بنائی گئیں جن میں رام اورشام، سیتااور گیتا، چالباز، جڑواں، ڈوپلیکیٹ وغیرہ شامل ہیں اور ان تمام فلموں نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی۔

ہدایت کار ڈیوڈ دھون نے رواں سال بھی ڈبل رول کا تجربہ کیا جو کامیاب رہا انہوں نے اپنے بیٹے ورون دھون کو لے کر ماضی کی مقبول ترین فلم 'جڑواں'کا ری میک 'جڑواں2'کےنام سے بنایا۔'جڑواں2'شائقین کو بے حد پسند آئی اور یہ فلم رواں سال کی کامیاب ترین فلموں میں شامل ہوگئی۔ اب ایک بار پھر یہی فارمولا اپنا کر فلم بنائی جارہی ہے جس میں سابق ملکہ حسن اور اداکارہ ایشوریا رائے بچن ڈبل کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ایشوریا کے ساتھ ڈانس کی ویڈیو

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم پروڈیوسر پریرنا اروڑا نے ایک انٹرویو کے دوران اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایشوریا اپنے اگلے پروجیکٹ میں ڈبل رول میں نظرآئیں گی۔ انہوں نے کہا ایشوریا رائے ان دنوں فلم 'پھنے خان'کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے بعد وہ مزید دو پروجیکٹس میں کام کریں گی تاہم فلم میں ان کے مقابل مرکزی کردار کون ادا کرے گا اس کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوسکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ایشوریا رائے لیجنڈ اداکارہ نرگس کی 1967 میں ریلیز ہوئی فلم 'رات اور دن'کے ری میک میں کام کریں گی اور فلم میں اداکارہ نرگس کا کردار نبھائیں گی۔ ایشوریا فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے پر بے حد خوش ہیں۔ پروڈیوسرپریرنا نے کہا کہ انہوں نے اس فلم کا مرکزی خیال اداکار سنجے دت کے ساتھ شیئر کیا تھا جسے دیکھنے کے بعدانہوں نے فلم کے لیے ایشوریا رائے کا نام دیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ایشوریا رو پڑیں

واضح رہے کہ ایشوریا رائے ان دنوں فلم'پھنے خان'کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ اداکار انیل کپور بھی اہم کردار میں نظرآئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔