دھرنے اور انتشارکی سیاست سے دہشتگردوں کو فائدہ ہوگا احسن اقبال

ضروری نہیں کہ سعودی عرب جاکر ہر کوئی سیاست کرے، وزیر داخلہ

فرار عسکریت پسند مغربی سرحد سے دوبارہ پاکستان میں داخل ہو کر دہشتگردی کررہے ہیں، وزیر داخلہ فوٹو: فائل

وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دھرنے اور انتشار کی سیاست سے دہشتگردوں کو فائدہ ہوگا۔

کوئٹہ میں دہشتگردی کا شکار میتھوڈسٹ چرچ کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ فرار عسکریت پسند مغربی سرحد سے دوبارہ پاکستان میں داخل ہو کر دہشتگردی کررہے ہیں، گزشتہ 4 سال کے دوران دہشتگردوں کی کمرتوڑ دی ہے تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ اب بھی جاری ہے، سیاسی جماعتوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ملک میں عدم استحکام کا فائدہ دشمنوں کو ہوگا، یہ وقت ٹانگیں کھینچنے کا نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں چرچ پر خودکش حملے میں 9 افراد جاں بحق، 57 زخمی


شریف برادران کے دورہ سعودی عرب سے متعلق سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ ہر کسی کو سعودی عرب جانے کی آزادی حاصل ہے اور ضروری نہیں کہ وہاں جاکر ہر کوئی سیاست کرے، ہر کوئی وہاں جاتا ہے اور میں بھی ایک ہفتہ پہلے عمرہ کرکے آیا ہوں۔ ترجمان پاک فوج کی جانب سے وزیر ریلوے کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دینے کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے بیان پر سعد رفیق کی وضاحت کے بعد معاملہ ختم ہوگیا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دشمن بلوچستان میں کارروائیاں کرکے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے، دھرنے یا انتشار کی سیاست کا فائدہ دہشتگردوں کو ہوگا جو بے یقینی پیدا کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردی کا مقصد سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا ہے، دہشت گرد کسی مذہب کے نہیں بلکہ انسانیت کے دشمن ہیں۔

اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ چرچ کو بحال کریں گے اور زخمیوں کے بہترین علاج کیلیے ہدایات بھی دی ہیں، واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔


واضح رہے کہ کوئٹہ میں میتھوڈسٹ چرچ پر خودکش حملے میں 9 افراد ہلاک اور 57 زخمی ہوگئے تھے۔


Load Next Story