پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں حدیبیہ نظر ثانی اپیل پر اتفاق

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے سینئر رہنماؤں میں غیر رسمی مشاورت کے بعد اتفاق ہوگیا

گڑھی خدا بخش جلسے میں آصف زرداری کے کہنے پر اعتزاز احسن نے اپنی تقریر میں اس حوالے سے اشارہ بھی دیا۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں شریف خاندان کے خلاف حدیبیہ کیس میں نظر ثانی اپیل دائر کرنے پر اتفاق ہوگیا۔

پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں حدیبیہ نظر ثانی درخواست کے معاملے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے سینئر رہنماؤں میں غیر رسمی مشاورت ہوئی جس میں اکٹھے یا الگ الگ نظر ثانی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر غور کیا گیا۔

پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق اس معاملے پر دونوں جماعتوں کا یکساں موقف ہے اور کوئی بھی عدالت جا سکتا ہے، اس حوالے سے جلد فیصلہ ہو جائے گا، گڑھی خدا بخش جلسے میں اعتزاز احسن بھی اس بارے میں اشارہ دے چکے ہیں اور انہوں نے قانونی پہلو اٹھایا تھا کہ فوجداری مقدمہ کبھی بھی کھل سکتا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے حدیبیہ کیس کھولنے کی نیب اپیل مسترد کردی

ذرائع کے مطابق اعتزاز کی تقریر سے پہلے آصف زرداری نے انہیں یہ بات کہنے کی خاص ہدایت بھی کی تھی۔ آج طاہر القادری اور آصف زرداری کی ملاقات ہوگی جس میں حدیبیہ کیس بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ آصف علی زرداری نے طاہرالقادری سے ملاقات سے پہلے پارٹی کا مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے اور بلاول ہاؤس میں پی پی پی قیادت مشاورت کرے گی۔ مشاورتی اجلاس میں خورشید شاہ , قمرزمان کائرہ، رحمن ملک، سردار لطیف کھوسہ اور منظور وٹو شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف حدیبیہ کیس کو دوبارہ کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل مسترد کردی تھی۔
Load Next Story