عوام فرقہ وارانہ عناصرکی حمایت کرنے والی جماعتوں کا بائیکاٹ کریں الطاف حسین

ہم نےتعلیم یافتہ لوگوں کو اسمبلیوں میں پہنچایا اسی لئے وڈیرے اور جاگیردار ایم کیو ایم سے نفرت کرتے ہیں، الطاف حسین

ایم کیو ایم کی حکومت آئی تو قرضہ معاف کرانے والوں کا احتساب ہوگا، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ عوام دہشت گردوں کی سازش کو اتحاد سے ناکام بناکرایسی جماعتوں کا بائیکاٹ کریں جو فرقہ وارایت پھیلانے والے عناصر کی حمایت کرتی ہیں۔

ایم کیو ایم کے 29 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان سےاستحصالی اورجاگیردارانہ سیاست کاخاتمہ چاہتے ہیں اسی لئے انہوں نے اپنے کسی بھائی یا رشتے دار کو اسمبلیوں میں نہیں پہنچایا، ایم کیو ایم نے غریب اور متوسط طبقے کے تعلیم یافتہ لوگوں کو اسمبلیوں میں پہنچایا اسی لئے وڈیرے اور جاگیردار ایم کیو ایم سے نفرت کرتے ہیں۔


الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں غربت کے خاتمے اور تعلیم کے یکساں مواقع میسر ہوں ۔ ایم کیوایم کو حکومت ملی تو ملک بھر میں میٹرک تک مفت تعلیم اور علاج معالجے کی سہولت دی جائے گی، خواتین کا سرکاری ملازمتوں میں 50فیصد کوٹہ مختص کیا جائےگا اور ایسا نظام عدل لائیں گے جس کے تحت غریب بھی اچھے سے اچھے وکیل کی خدمات حاصل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ سیکڑوں ایکڑ اراضی پر پھیلے محلوں کو تحویل میں لے کر ان سے ملنے والی رقوم کو ملک کی فلاح پر خرچ کیا جائے گا، آئین کے تحت کسی بھی جاگیردار کو مخصوص حد تک اراضی رکھنے کی اجازت ہوگی باقی زمینیں غریب ہاریوں میں تقسیم کی جائیں گی، پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، ملک کے وسائل پر قابض چند سرمایہ کاروں سے ان وسائل کو چھین لیا جائے گا،ہماری حکومت آنے کے بعد قرضہ معاف کرانے والوں کااحتساب ہوگا۔ اورٹیکس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا ۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت پھیلانے والوں کی سرکوبی کے لئے محلوں میں امن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں ، شیعہ افرادکی کمیٹی سنیوں کی اورسنی افرادکی کمیٹی شیعہ برادری کی حفاظت کرے اور جو جماعتیں فرقہ وارانہ عناصر کی حمایت کرتی ہیں ان کا بائیکاٹ کیا جائے ۔
Load Next Story