حلقہ بندیاں محکمہ شماریات کو ڈیٹا فراہمی کا حکم

ماضی میں انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھتے رہے ہیں، راست ہوگا کہ اس بار عوام کو شفاف انتخابات کا تحفہ دیا جائے


Editorial December 29, 2017
ماضی میں انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھتے رہے ہیں، راست ہوگا کہ اس بار عوام کو شفاف انتخابات کا تحفہ دیا جائے (فوٹو: فائل)

الیکشن کمیشن نے آیندہ عام انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کے معاملے پر چاروں صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات کو احکام بھجوا دیے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے شماریات ڈویژن کو 10 جنوری تک مردم شماری کا ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام حکومتیں، سرکاری ملازم ملکی مفاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں، الیکشن کمیشن نے صوبوں کو اضلاع، تحصیلوں اور یونین کونسلوں کی حدود بھی منجمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انتخابات 2018ء کے انعقاد میں اب بہت کم وقت باقی ہے، صائب ہوگا کہ صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے۔ عام انتخابات بہت حساس معاملہ ہے اور ماضی میں انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھتے رہے ہیں، راست ہوگا کہ اس بار عوام کو ابہام سے پاک اور شفاف انتخابات کا تحفہ دیا جائے۔ یہ امر بھی ذہن میں رہے کہ کمیشن کو کم وقت میں عام انتخابات کی تیاری کرنا ہے، آیندہ عام انتخابات کے شفاف، منصفانہ انعقاد کے لیے صوبائی حکومتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی معاونت ضروری ہے، الیکشن کمیشن کو 5 ماہ کے اندر حلقہ بندیاں اور ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کرنی ہے۔

یہ کام خوش اسلوبی سے مقررہ وقت میں اسی وقت نمٹ سکتا ہے جب کسی بھی جانب سے تاخیر نہ برتی جائے۔ واضح رہے جب تک محکمہ شماریات اور صوبائی حکومتوں سے ڈیٹا نہیں ملتا حلقہ بندیوں پر کام شروع نہیں ہوسکتا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبائی حکومتوں کو آیندہ عام انتخابات میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اپنے فنڈ سے سی سی ٹی کیمرے لگانے کی ہدایت بھی صائب ہے، اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہئیں۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور فاٹا و اسلام آباد کے لیے 5 حلقہ بندی کمیٹیوں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دیدی ہے۔

ذرایع کا کہنا ہے حلقہ بندیاں آبادی کی تقسیم، جغرافیائی حدود، علاقائی محل وقوع، مواصلاتی سہولت، عوامی سہولت، علاقے کی یکسانیت، انتظامی یونٹس کی حدود کو یکجا کرنے کو مدنظر اور برقرار رکھنے کے اصولوں پر کی جائیںگی۔ اطلاع ہے کہ الیکشن کمیشن نے آیندہ عام انتخابات میں انتخابی نتائج کے عمل کو مزید شفاف اور بہتر بنانے کے لیے قابل بھروسہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم تیارکیا ہے، یہ سسٹم انتخابی عمل میں استعمال ہونے والے مختلف فارمز اور ڈیٹا کو اسکین کرکے محفوظ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے اور اس محفوظ شدہ ڈیٹا کو آڈٹ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ امید ہے یہ سسٹم ممکنہ اعتراضات کے بعد معترضین کے خدشات دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں