شادی شدہ اداکاراؤں کی مقبولیت

فلم بینوں کی سوچ بدلنے لگی


Muhammad Imran March 19, 2013
فلم بینوں کی سوچ بدلنے لگی۔ فوٹو : فائل

ایک دور تھا جب شادی کو اداکارہ کے کیریئر کا اختتام سمجھاجاتاتھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جہاں بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں وہیں یہ رجحان بھی بدل گیا ہے۔

اب ہندی فلموں کے ناظرین شادی شدہ اداکاراؤں کو بھی خوش دلی سے قبول کررہے ہیں۔ ذیل کی سطور میں ہم کچھ ایسی ہی اداکاراؤں کا ذکر کررہے ہیں جو شادی کے بندھن میں بندھ جانے کے بعد بھی فلم بینوں کے دلوں پر راج کررہی ہیں۔

کرینا کپور: یہ سپر اسٹار بولی وڈ کی مقبول ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہے۔ کرینا نے2000 میں کیریئر کا آغاز ایک سنجیدہ فلم '' ریفیوجی'' سے کیاتھا، بعد ازاں اس نے ''مجھے کچھ کہنا ہے'' ، ''کبھی خوشی کبھی غم''، ''جب وی میٹ'' ''تھری ایڈیٹس'' اور''ایک میں اور ایک تو'' جیسی ہلکی پھلکی فلموں میں خوب صورت اداکاری کے ذریعے فلم بینوں کے دل جیتے۔

گذشتہ برس اکتوبر میں سیف علی خان سے شادی کے بعد بھی وہ فلم انڈسٹری میں بھی اسی طرح مصروف ہے۔ حال ہی میں''دبنگ ٹو''میں کرینا کا آئٹم نمبر''فیوی کول'' بہت پسند کیا گیا تھا۔ سپر اسٹار کے پرستار اسے بہت جلد ''گوری تیرے پیار میں'' میں دیکھیں گے۔ اس کے علاوہ اس نے''ستیہ گرہ'' بھی سائن کرلی ہے اور کرن جوہر کی ایک فلم کی شوٹنگ بھی جلد ہی شروع ہونے والی ہے۔ ان تمام فلموں میں کرینا ہیروئن کا رول کررہی ہے۔

ودیا بالن: ودیانے بولی وڈ کو یکے بعد دیگرے کئی ہٹ فلمیں دی ہی۔ اسی بنا پر اسے ''فیمیل ہیرو'' کہا جانے لگا ہے۔ اس کے کریڈٹ پر''پرینتیا''، ''پا''، ''عشقیہ'' ، ''نو ون کلڈ جیسیکا''، ''دی ڈرٹی پکچر'' اور''کہانی'' جیسی سپر ہٹ فلمیں ہیں۔ خوب رو اداکارہ کے پرستاروں کی تعداد بلاشبہ کروڑوں میں ہے۔

گذشتہ برس یو ٹی وی موشن پکچرز کے چیف ایگزیکٹیو سدھارتھ رائے کپور سے شادی کرنے کے بعد بھی اس کی مقبولیت اسی طرح برقرار ہے۔ ودیابالن کی اگلی فلم''گھن چکر'' ہے جس کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور یہ فلم جون میں ریلیز کی جائے گی۔ اس کے بعد سپر اسٹار کے پرستار اسے''شادی کے سائیڈ ایفیکٹس'' میں دیکھیں گے۔ اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ودیا لیجنڈ گلوکارہ ایم ایس سبولکشمی کی زندگی پر بنائے جانے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔

چترنگداسنگھ: خوش جمال اداکارہ کی خاص بات یہ ہے کہ اس نے شادی کرنے کے بعد بولی وڈ میں قدم رکھا۔ ابتدائی ناکامیوں کے بعد بالآخر قسمت اس پر مہربان ہوئی اور وہ فلم بینوں کے دلوں میں گھر کرتی چلی گئی۔ اس نے ''ہزاروں خواہشیں ایسی'' ''کل'' اور ''سوری بھائی'' جیسی فلموں میں بہترین اداکاری سے سبھی کی توجہ حاصل کی۔ چترنگدا کو آئٹم سونگز میں بھی فلم بینوں نے بہت پسند کیا۔ اس کی اگلی فلم ڈائریکٹر سدھیرمشرا کی''مہر النساء'' ہے جس کے اداکاروں میں امیتابھ اورابھیشیک بچن بھی شامل ہیں۔

مادھوری ڈکشٹ : ماضی کی سپر اسٹار کو بولی وڈ کی کشش2007 میں امریکا سے ہندوستان کھینچ لائی تھی۔ اپنی اداکاری اور رقص سے سب کو مسحور کردینے والی مادھوری ڈاکٹر سری رام بننے سے شادی کرنے کے بعد امریکا منتقل ہوگئی تھی۔ اس کی واپسی فلم''آجانچ لے''سے ہوئی تھی۔ مادھوری''ڈیڑھ عشقیہ'' میں لیڈرول کررہی ہے، علاوہ ازیں ''گلاب گینگ'' میں بھی اسے مرکزی کردار میں کاسٹ کیاگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں