انڈر 19 کرکٹ آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کا پلڑا بھاری

قومی ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل، دوسرا مقابلہ بارش کے سبب بے نتیجہ رہا۔


Sports Desk December 30, 2017
آخری ٹاکرا کل ہوگا۔ فوٹو:سوشل میڈیا

LONDON: آسٹریلیا کیخلاف انڈر19 کرکٹ سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری کے بعد پاکستان کا پلڑا بھاری ہوگیا۔

آسٹریلیا کی انڈر19ٹیم کیخلاف تین میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستانی الیون نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میزبان سائیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.1 اوورز میں تمام وکٹیں کھوکر235رنز اسکور بورڈ پر جمع کیے۔

اوپنرز کیمرون گرین اورمیتھیو اسپورز ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، گرین 37 گیندوں پر 12رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اسپورز نے 4 گیندوں کا سامنا کیا لیکن انھیں کھاتہ کھولنے کا موقع میسر نہیں آسکا، وہ محمد موسی کی گیند پر سلیمان شفقت کا کیچ بنے، جیک وائٹ نے 27اور میکنزی ہاروی نے22رنز بناکر ٹیم کو کچھ سکون کا سانس فراہم کیا، تاہم وائٹ محمد طحہ کی عمدہ فیلڈنگ کے سبب رن آؤٹ ہوگئے۔

ہاروے کو علی زریاب آصف نے ایل بی ڈبلیو کردیا، اولیور ڈیویس3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھوں نے 14 گیندوں کا سامنا کیا، آرون ہارڈی نے 85 کی بھرپور اننگز کھیلی، انھوں نے 94 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکے اور3 چھکے جڑے، ان کی وکٹیں حسن خان نے اڑائیں، پیٹرک روو41 بالز پر 39رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، انھیں ارشد اقبال نے حسن خان کی مدد سے پویلین چلتا کیا، ہیریسن میکون7 جبکہ بلیک ایڈورڈاور ایان کارلیسلی ایک ایک رن بناسکے۔

ارشد اقبال سب سے زیادہ کامیاب بولر ثابت ہوئے، انھوں نے 8.1 اوورز میں 39رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،شاہین شاہ آفریدی نے 43رنز کے عوض 2 وکٹیں اپنے نام کیں، حسن خان نے 49رنز دیکر2 شکار کیے، پاکستان ٹیم بارش کے سبب جوابی اننگز مکمل نہیں ہوسکی۔

کھیل روکے جانے تک قومی جونیئر سائیڈ نے 12.2 اوورز میں 2 وکٹ کھوکر60رنز جوڑے، محمد زاہد عالم 21 گیندوں پر 28رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، عمران شاہ نے 39 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 19رنز اپنے نام درج کرائے، روحیل نذیر8 جبکہ علی زریاب آصف1 پر ناٹ آؤٹ رہے، جس کے بعد مقابلہ بے نتیجہ ختم کردیاگیا، تاہم ابتدائی میچ میں 6 وکٹ سے فتحیاب رہنے والی قومی جونیئر ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں