کیویز نے پہلے ٹی 20 میں ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کی سٹی گم کر دی

مہمان ٹیم کو 47رنز سے شکست، میزبان سائیڈ نے سیریز میں1-0 کی برتری لے لی، سیٹ رینس کی ڈیبیو پر 3 وکٹیں۔


Sports Desk December 30, 2017
19 ویں اوور میں میزبان الیون نے 7 وکٹ پر 162رنز بنائے تھے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

RAWALPINDI: سیریز کے پہلے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ نے ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کی سٹی گم کردی۔

پہلے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو دلچسپ مقابلے میں47 رنز سے ہرادیا،کیویز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر 7 وکٹ پر 187 کامجموعہ سجایا، مہمان الیون نے 19 اوورز میں 140 رنز پر ہمت ہاردی، نیوزی لینڈ نے تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری لے لی، ورلڈ ٹوئنٹی 20 چیمپئن ویسٹ انڈیز کیلیے 188 کا ہدف جوئے شیر لانے کے مترادف ثابت ہوا۔

اسٹار بیٹسمین کرس گیل 12رنز بنانے کے بعد میدان بدر ہوئے، وہ گلین فلپس کا کیچ بنے، اگلی گیند پر رینس نے چیڈویک والٹن (7)کو بھی اپنا شکار بنایا، ان کا آسان کیچ کور پوائنٹ پر اینارو کچن نے سنبھالا، 19 پر 2 وکٹیں گرجانے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم سنبھل نہیں پائی، 16 اوورز کے اختتام پر ان کا اسکور 8 وکٹ پر 103 رنز تک پہنچ پایا تھا،ڈگ بریسویل نے جیسن ایم ( 3) اور شائی ہوپ (15) کو اپنا شکار بنایا، ٹم ساؤتھی نے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ (21) اور روومین پاول (6) کو ٹھکانے لگایا، جیروم ٹیلر 20 اور ایشلے نرس (20 ناٹ آؤٹ) نے 12 بالز پر 28 رنز جوڑکر ٹیم کوکچھ استحکام فراہم کیا۔

رینس نے اپنے اختتامی اوور میں ویسٹ انڈین اننگز کا قصہ تمام کردیا، انھوں نے اپنے پہلے بین الاقوامی مقابلے میں 30رنز کے عوض 3 وکٹوں کی پرفارمنس پیش کی، ٹم ساؤتھی نے بھی 36رنز کے عوض اتنے ہی شکار کیے، اس سے قبل مہمان کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر کیویز کو بیٹنگ کی دعوت دی، کولن مونرو (53) اور گلین فلپس (55) کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 86رنز کی ساجھے داری قائم ہوئی۔

19 ویں اوور میں میزبان الیون نے 7 وکٹ پر 162رنز بنائے تھے، سینٹنر نے ٹم ساؤتھی کے ہمراہ اختتامی کیسرک ولیمز کے اختتامی اوور میں 25رنز بٹورلیے جس میں سینٹنر 23 اور ساؤتھی 10 پر ناٹ آؤٹ رہے، سموئل بدری نے 22رنز دیکر2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا جبکہ بریتھ ویٹ نے 2 وکٹوں کیلیے38رنز کی پٹائی برداشت کی، کیوی وکٹ کیپر گلین فلپس 56رنز بنانے، دو کیچزاور 2 اسٹمپڈ کرنے پر میچ کے بہترین پلیئر قرار دیے گئے، سیریز کا دوسرا مقابلی مونٹ مینگونی میں پیر کو شیڈول ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں