2017ء کے مئی جون میں تاریخ بن جانے والے اہم ملکی اور عالمی واقعات
یکم مئی: گذشتہ برس جولائی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد ترکی میں ’ آپریشن کلین اپ‘ کا آغاز ہوا تھا۔
BAHAWALPUR/MULTAN:
2017ء کے مئی/ جون میں تاریخ بن جانے والے اہم ملکی اور عالمی واقعات
گہری کھائی، چودہ مسافر نگل گئی
یکم مئی: دیربالا میں پیش آمدہ افسوس ناک حادثے میں چودہ مسافر زندگی کی بازی ہار گئے۔ لواری ٹاپ کے قریب مسافر کوچ اپنے انجام سے بے خبر چترال کی جانب رواں دواں تھی جب اچانک لوئی موڑ پر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری، جہاں موت منھ کھولے اس کی منتظر تھی۔ باپ، بیٹے، دو بھائیوں اور تین بچوں سمیت چودہ مسافر موت کے بے رحم جبڑوں میں پھنس کر زندگی کی بازی ہار گئے۔
ترکی میں 'آپریشن کلین اپ' مزید چار ہزار فوجی و سول ملازمین فارغ
یکم مئی: گذشتہ برس جولائی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد ترکی میں ' آپریشن کلین اپ' کا آغاز ہوا تھا۔ اس آپریشن کے دوران لاکھوں فوجیوں اور سول ملازمین کو سرکاری ملازمتوں سے برطرف اور گرفتار کیا گیا۔ اسی کے تسلسل میں برادر اسلامی ملک کے صدر رجب طیب اردوغان نے مسلح افواج کے مزید چار ہزار اہل کاروں کو ملازمتوں سے فارغ کردیا۔ ان میں فضائیہ کے سو سے زائد پائلٹ اور بری فوج کے ایک ہزار سپاہیوں سمیت کُل چار ہزار ملازمین شامل تھے۔
''کسی بھی حد تک جائیں گے''
دومئی: شمالی کوریا، امریکا کو آنکھیں دکھانے والا واحد ملک رہ گیا ہے۔ امریکی حکمرانوں کی لفظی گولہ باری کا جواب کم جونگ اُن ایٹمی دھماکوں اور میزائلوں کے تجربات کی زبان میں دیتا ہے۔ امریکا بہادر کو اس کی یہ جرأت ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ اب ایک بار پھر شمالی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فوجی قوت میں اضافے کے لیے تجرباتی ایٹمی دھماکوں کی تیاری کررہا ہے۔ 'بدمعاش ریاست' کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ غیرمعمولی حالات میں شمالی کوریا کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرے گا۔ اس اعلان کے بعد امریکا اور اس کے حاشیہ برداروں کے پیٹ میں ایک بار پھر مروڑ اٹھنے لگے ہیں۔ ٹرمپ نے شمالی کوریا کی جانب سے اعلان کے بعد فلپائن، چین اور جاپان کے سربراہان مملکت سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔
لوٹ کے گھر کو آئے
تین مئی: برادر اسلامی ملک سعودی عرب نے مزید دوسو پاکستانیوں کو گھر بھیج دیا۔ یہ افراد ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود سرزمین مقدس پر قیام کے لیے بضد تھے۔ تاہم سعودی حکام نے ان کی فریاد پر کان نہیں دھرے اور پکڑ کر لاہور جانے والی پرواز میں سوار کرادیا۔
پاناما کیس، جے آئی ٹی کی تشکیل
تین مئی: وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی راتوں کی نیند اور دن کا چین اڑادینے والے پاناما کیس میں جے آئی ٹی کی تشکیل اور تحقیقات کی نگرانی کے لیے تین رکنی خصوصی بینچ تشکیل دیتے ہوئے معاملہ تین مئی کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
اہل کراچی کے لیے خوش خبری
چارمئی: کراچی جیسے میگاسٹی میں سفری سہولتیں قطعی ناکافی ہیں۔ روزانہ لاکھوں مردوخواتین بسوں اور ویگنوں میں دھکے کھاتے ہیں۔ مسافرت کا عذاب جھیلتے مردوزن کے لیے یہ خبر مژدۂ جاں فزا سے کم نہیں کہ برسوں سے زیرالتوا سرکلر ریلوے کی بحالی کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔ اس پیش رفت کے بعد اہل شہر امید کرسکتے ہیں کہ بہت جلد وہ بھی ترقی یافتہ شہروں کے باشندوں کی صف میں شامل ہوتے ہوئے پاپوش سے ملیرہالٹ جانے کے لیے ٹرین میں سفر کررہے ہوں گے۔
بھارتی حکومت نے گھٹنے ٹیک دیے
چارمئی: پاکستانی اسکولوں کے پچاس سے زائد طالب علم یکم مئی کو دورے پر لاہور سے بھارت پہنچے تھے۔ مگر جناب بھارتی جنونی یہ کیسے برداشت کرسکتے تھے کہ وہ اس دیش کے مستقبل کے معماروں کو خوش آمدید کہیں جسے وہ بدترین دشمن گردانتے ہیں، چناں چہ انتہا پسند ہندوؤں نے شورشرابا شروع کردیا۔ بھارتی حکومت ہندو جنونیوں کے آگے اتنی بے بس ہوئی کہ اس نے مہمان طلبا کی حفاظت سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے انھیں واپس بھیج دیا۔
خون مسلم کی ارزانی۔۔۔۔ مزید مسلمانوں کے لہو سے ہاتھ نہ رنگنے پر ٹرمپ پوتن متفق
چارمئی: شام میں کئی برس سے جاری خانہ جنگی کا عفریت لاکھوں مسلمانوں کا لہو پی چکا ہے۔ باری باری پہلے امریکا اور پھر روس اس عفریت کو تھپکی دینے کے لیے میدان میں اتر آئے اور خود بھی اس خونیں کھیل میں شامل ہوگئے۔ ان کے طیاروں سے مہلک بموں کی صورت میں ٹپکتی موت کتنے ہی معصوموں کو چاٹ گئی۔ بالآخر ہزاروں مسلمانوں کا لہو پی چکنے کے بعد انھوں نے بس کردینے پر اتفاق کرلیا ہے۔ وائٹ ہائوس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور صدرپوتن اس بات پر متفق ہیں کہ شام میں تمام فریقین کو اب وہ سب کرنا چاہیے جس سے تشدد کو ختم کیا جاسکے۔
کراچی آپریشن کا فائنل رائونڈ
پانچ مئی: کراچی میں جاری آپریشن کی بہ دولت اہل شہر کو سُکھ کا سانس لینا نصیب ہوا ہے۔ حکومت اور عسکری اداروں کی اس مشترکہ کاوش نے شہر کی رونقیں بحال کردی ہیں۔ شہر آشوب پھر سے عروس البلاد بن گیا ہے۔ جو کسر رہ گئی ہے وہ آپریشن کے آخری مرحلے میں نکال دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اس مرحلے میں غریب دوست شہر کو اسلحے سے پاک کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائمز، چائنا کٹنگ، اراضی پر قبضے، اسمگلنگ اور ناجائز ذرائع سے فنڈز حاصل کرکے جرائم پیشہ گروہوں اور عناصر کی معاونت کرنے والوں اور ان کے سیاسی سرپرستوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سیاسی گند۔۔۔۔۔عدالتی لانڈری
پانچ مئی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سیکریٹری جنرل جہانگیرترین کے خلاف منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے حوالے سے دائردرخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے درخواست گزار حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ کے سامنے کئی سوالات رکھتے ہوئے عمران خان کے ٹیکس گوشواروں کے دستاویزی ثبوت طلب کرلیے۔ عدالت نے کہا کہ غیرقانونی ذرائع سے فنڈنگ کا ثبوت دینا ہوگا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ امریکی اسکالر کے مطابق سیاسی گند عدالتی لانڈری میں نہیں دھلنا چاہیے، تاہم اب سیاسی معاملات عدالت میں آچکے ہیں، انھیں مناسب طریقے سے آگے لے کر چلیں گے۔
افغان فوج کی اشتعال انگیزی۔۔۔۔
چھے مئی: ایک زمانے میں ہماری مغربی سرحد بالکل محفوظ تھی۔ پھر افغانستان پر امریکی حملہ ہوا اور اس کے نتیجے میں وہاں امریکا اور بھارت نواز حکومت قائم ہوگئی۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں مغربی سرحد پر صورت حال بدل گئی۔ افغان بارڈر فورسز نے گولہ باری کرتے ہوئے دو سیکیوریٹی اہل کاروں سمیت گیارہ پاکستانی شہید اور چھیالیس زخمی کردیے۔ پاک فوج نے منھ توڑ جواب دیتے ہوئے افغان فوج کی تین چوکیاں اور دو گاڑیاں تباہ اور متعدد افغان اہل کار ہلاک کردیے۔
پاناما لیکس، تحقیقاتی کمیٹی قائم
چھے مئی: سیاسی سماجی منظرنامے پر مسلسل چھائے رہنے والے معاملے، پاناما لیکس پر اہم پیش رفت کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف پاکستان نے چھے رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔ کمیٹی ایف آئی اے، نیب، اسٹیٹ بینک، سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس کے ایک ایک افسر پر مشتمل تھی۔ کمیٹی کو ساٹھ روز میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کروانے کا پابند کیا گیا۔
سوا دوکروڑ نونہال علم کی روشنی سے محروم
چھے مئی: علم روشنی اور جہالت تاریکی ہے۔ وطن عزیز کے سوا دوکروڑ نونہال ہنوزجہالت کی تاریکی میں ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دو کروڑ چھبیس لاکھ اسکول جانے سے محروم ہیں۔ انھیں علم کی روشنی سے روشناس کروانے اور شرح خواندگی بڑھانے کے لیے وزارت تعلیم نے اقدامات بروئے کار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسکول میں بچوں کے داخلے بڑھانے کے ساتھ ساتھ غیرتدریسی پروگرام کے اجرا کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
افغانستان ، قندوز کے ضلع پر طالبان کا قبضہ
سات مئی: افغانستان میں امریکا اور نیٹو کے حملے کے بعد طالبان اور حکومت و امریکی افواج کے درمیان لڑائی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ایسی ہی ایک لڑائی کے دوران پیش قدمی کرتے ہوئے طالبان جنگ جوؤں نے صوبہ قندوز کے ضلع قلعہ ذل پر قبضہ کرلیا۔ طالبان نے جنگجوؤں نے پانچ مئی جمعہ کی سہ پہر سے حملے جاری رکھے ہوئے تھے اور ہفتے کی دوپہر تک انھوں نے ضلع کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔ اس لڑائی کے دوران درجنوں افغان فوجی مارے گئے جب کہ بھاری اسلحہ بھی طالبان کے قبضے میں چلاگیا۔
''کرپشن کی تحقیقات میں وقت ضایع نہیں کرنا چاہتے'' وزیراعظم
سات مئی: مبینہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت عدالتی کارروائی کا سامنا کرتے وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں اتنے گھپلے اور کرپشن اسکینڈلز ہیں کہ جتنا کہا جائے کم ہے، بہت سی چیزوں کی تحقیقات ہونی ہیں لیکن اگر ہم تحقیقات کے چکر میں پڑگئے تو سارا وقت اسی میں لگ جائے گا پھر ترقیاتی کام کون کرے گا! اس بیان پر خود نون لیگ کے ووٹر اور حامی بھی حیران رہ گئے ہوں گے، جن سے کرپشن اور بدعنوانی کے انسداد، لٹیروں کے احتساب اور لوٹی ہوئی دولت وطن واپس لانے کے وعدوں پر ووٹ لیے گئے تھے۔ اس بیان سے واضح ہوگیا کہ نوازشریف نے عوام کو بے وقوف بنایا اور ان سے جھوٹے وعدے کیے۔ کرپشن کے خلاف اقدامات نہ کرنے کا اعلان کرکے انھوں نے یہ عندیہ دے دیا ہے کہ بدعنوانوں اور لٹیروں کو کُھلی چھوٹ ہے، لوٹ کھسوٹ پر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
دہلی گینگ ریپ: سپریم کورٹ نے تمام ملزمان کی سزائے موت برقرار رکھی
سات مئی: ہندوستان کا دارالحکومت اور تاریخی شہر دہلی بین الاقوامی سطح پر خواتین کی عصمت دری کے مرکز کے طور پر شناخت پارہا ہے۔ آئے دن یہاں عورتوں کی انفرادی اور اجتماعی عصمت دری کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔ ایسا ہی ایک دل خراش واقعہ 2012ء میں پیش آیا تھا۔ چلتی بس میں جیوتی سنگھ نامی طالبہ کو چھے افراد نے ہوس کا نشانہ بنایا تھا۔ اس بربریت کے نتیجے میں متأثرہ لڑکی سنگاپور میں علاج کے دوران زندگی کی بازی ہار گئی تھی۔ بھارت دیش کو ہلادینے والے اس واقعے کے ملزمان گرفتار ہوئے اور ان پر مقدمہ چلا۔ ماتحت عدالتوں سے ہوتا ہوا مقدمہ بالآخر سپریم کورٹ پہنچ گیا جہاں گذشتہ روز عدالت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے تمام چار ملزمان کی سزائے موت برقرار رکھی۔ اس موقع پر بدقسمت لڑکی کے والدین نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ان کی بیٹی کی بے چین روح کو قرار آگیا ہوگا۔
تیل کے نرخ منھ کے بل آگرے
سات مئی: خام تیل کی عالمی قیمتیں جو چند برس پہلے آسمان کو چُھو رہی تھیں، منھ کے بل آگریں۔ تیل کے نرخ پچاس ڈالر سے بھی کم ہوگئے۔
پاک فوج کا دندان شکن جواب، افغانستان فوجیوں کی لاشیں اٹھانے پر مجبور
آٹھ مئی: افغان فورسز نے بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں گھس کر گھروں پر قبضے کیے اور پوزیشنیں سنبھال لیں۔ انھوں نے شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر بھی استعمال کیا۔ کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض اور آئی جی ایف سی بلوچستان میجرجنرل ندیم احمد نے ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملکی حدود میں گھس آنے والے افغان فوجیوں کو ماربھگایا۔ کارروائی میں پاک فوج کے دو سپاہی شہید ہوئے جب کہ پچاس سے زائد حملہ آور افغان فوجی مارے گئے، اور ان کی پانچ سے زیادہ پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کردی گئی ہیں۔ تاہم انھوں نے کہا کہ افغانستان کے اس بھاری نقصان پر ہمیں کوئی خوشی نہیں، وہ ہمارے بھائی ہیں۔
ایران بھی بھارت کی زبان بولنے لگا
نومئی: امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے بعد اب برادر اسلامی ملک ایران بھی انھی کی زبان بولنے لگا۔ اسے بھی پاک سرزمین پر دہشت گردوں کے ٹھکانے دکھائی دینے لگے ہیں۔ نہ صرف دکھائی دینے لگے ہیں بلکہ ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ایران نے مبینہ ٹھکانوں کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی بھی دے ڈالی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ جنرل محمد حسین باقری نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنا چاہیے، اگر ایرانی سرزمین پر حملے کرنے والے جنگ جوؤں کی پاکستان میں موجود پناہ گاہوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو ان پناہ گاہوں کو ایران سے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ گذشتہ ماہ پاک ایرن سرحد کے قریب جنگ جوؤں نے دس ایرانی محافظوں کو ہلاک کردیا تھا۔ ایرانی حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ حملہ جیش العدل نامی گروہ کے ارکان نے پاکستان سے کیا تھا۔
سندھ اسمبلی میں گالم گلوچ
دس مئی: پاکستانی معاشرے کے بارے میں یہ تأثر پایا جاتا ہے کہ یہاں عدم برداشت کا کلچر فروغ پارہا ہے۔ لوگوں میں برداشت، تحمل اور رواداری عنقا ہوتی جارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک دوسرے سے اختلاف رائے کرتے ہوئے تہذیب و شائستگی کا دامن چھوڑ دینے کا رواج عام ہوتا جارہا ہے۔ عوام کے اس رویے کی جھلک ان کے منتخب کردہ نمائندوں میں بھی نظر آنے لگی ہے۔ برقیاتی ذرائع ابلاغ سے نشر ہونے والے بحث مباحثوں کے پروگراموں میں عوامی نمائندے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالتے نظر آتے ہیں۔ اس بدتہذیبی کا مظاہرہ سندھ اسمبلی میں اس وقت کیا گیا جب پاکستان پیپلز پارٹی کے راہ نما اور صوبائی وزیر امداد پتافی نے دوران اجلاس وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے گالی دے دی۔ تاہم ڈپٹی اسپیکر نے نازیبا الفاظ کارروائی سے حذف کردیے۔
آئی ایس پی آر کی ٹوئیٹ، ڈرامائی صورت حال
گیارہ مئی: ڈان لیکس کی انکوائری کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کی سفارشات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر آئی ایس پی آر کے ردعمل نے ڈرامائی صورت حال پیدا کردی۔ نوٹی فکیشن پر آئی ایس پی آر کی جانب سے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے میجرجنرل آصف غفور نے ٹوئیٹ میں کہا کہ ڈان لیکس پر نوٹی فکیشن نامکمل ہے اور انکوائری بورڈ کی سفارشات سے مطابقت نہیں رکھتا لہٰذا اسے مسترد کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔ بعدازاں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار احمد اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں نیوزلیکس سے متعلق تمام معاملات حل ہوگئے اور طے پایا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اپنا ٹویٹ واپس لیں گے۔ بعدازاں میجرجنرل آصف غفور نے ٹوئیٹ واپس لے لیا، اور یوں یہ ڈرامائی صورت حال اختتام پذیر ہوئی جس میں حکومت اور فوج آمنے سامنے کھڑی دکھائی دے رہی تھی۔
مقبوضہ کشمیر؛ قابض فوج کے مظالم جاری
بارہ مئی: مقبوضہ کشمیر بھارتی مظالم کے خلاف طلبا کی شکل میں کشمیریوں کی نئی نسل مجسم احتجاج بن گئی ہے۔ طلبا کے بڑے پیمانے پر بھارت مخالف مظاہرے، جھڑپیں، پتھرائو اور گرفتاریوں کا سلسلہ اس سال بھی جاری رہا۔ چند روز کے دوران قابض بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کی نئی داستانیں رقم کرتے ہوئے اسکولوں اور کالجوں کے طلبا کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور متعدد کو گرفتار کرلیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طلبا نے نظربند طالب علموں کی رہائی کے لیے مختلف علاقوں میں اسکولوں اور کالجوں سے باہر آکر سڑکوں پر احتجاج کیا۔ بھارتی فوج نے احتجاجی مظاہرے میں شامل طلبا پر آنسو گیس اور پیپر ( مرچی) گیس کا استعمال کیا جس سے متعدد طلبا زخمی ہوگئے۔
مقبوضہ کشمیر؛ آزادی کا مطالبہ کچلنے کے لیے فضائی حملوں کی منظوری
تیرہ مئی: بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کی لہر کو کچلنے کے لیے وادی میں فضائی حملوں کی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ کشمیر میں مجاہدین کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے لیے بھارتی ایئرفورس کو اسرائیلی ماہرین کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔
ستّرہزار پولنگ اسٹیشن گوگل میپ سے منسلک
چودہ مئی: الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے لیے ملک بھر کے ستر ہزار سے زائد مجوزہ پولنگ اسٹیشنز کو گوگل میپ سے منسلک کردیا۔ اس اقدام سے ووٹر کو جی آئی ایس کے ذریعے گھر بیٹھے اپنے پولنگ اسٹیشن کا محل وقوع معلوم ہوسکے گا۔
سی پیک پر سیاست سے گریز کی اپیل، علاقائی ممالک کو منصوبے میں شمولیت کی دعوت
پندرہ مئی: پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبہ (سی پیک) سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں بلاشبہہ اضافہ ہوگا۔ پاک فوج بھی اس منصوبے کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کااظہار کرچکی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے بیجنگ میں بیلٹ اینڈروڈ فورم کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہ خطے کے تمام ممالک کو اس منصوبے میں شمولیت کی دعوت دی اور اپنے مخالفین سے کہا کہ سی پیک پر سیاست سے گریز کیا جائے۔
کالی آندھی کے دیس میں شاہینوں نے تاریخ رقم کردی؛ یونس خان اور مصباح الحق کی دنیائے کرکٹ سے رخصتی
پندرہ مئی: پاکستانی کرکٹ ٹیم نے روسیو میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو ایک سو ایک رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلی بار ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیتی۔ میچ کا فیصلہ کُن لمحہ اس وقت آیا جب کھیل ختم ہونے میں صرف ایک اوور باقی رہ گیا تھا۔ یہ میچ اس لحاظ سے بھی یادگار تھا کہ اس کے ساتھ ہی یونس خان اور مصباح الحق کا کیریئر بھی اختتام پذیر ہوگیا۔
ملتان: آئل ٹینکر اور اسکول وین میں تصادم؛ تین پُھول مُرجھاگئے
پندرہ مئی: ملتان میں جھنڈے والا اسٹاپ پل چٹھہ کے قریب آئل ٹینکر نے اسکول وین کو ٹکر ماردی، جس کے نتیجے میں تین طلبا اور وین ڈرائیور جاں بحق ہوگئے، جب کہ دس طلبا کو تشویش ناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ چھٹی کے بعد طلبا وین میں واپس جارہے تھے کہ عقب سے آنے والا تیزرفتار آئل ٹینکر ان پر چڑھ دوڑا۔
70 ہزار غیرملکیوں کو دیس نکالا دینے کا اعلان
سولہ مئی: سعودی حکومت نے سترہزار غیرملکیوں کو اپنی حدود سے نکال باہر کرنے کا اعلان کردیا۔ اس اعلان سے ملک عرب میں بہ سلسلہ روزگار مقیم تارکین وطن میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سعودی سرکار نے 2020ء کے منصوبے کے تحت وزارتوں اور حکومتی محکموں کو ہدایات جاری کردیں کہ اگلے تین برسوں میں ستر ہزار غیرملکیوں کو نوکریوں سے نکال دیا جائے اور سعودی شہریوں کو ان کی جگہ کام پر رکھا جائے۔ اس اعلان سے ان پاکستانی خاندانوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔
افغانستان: پاکستانی سفارتی اہل کار اغوا
سترہ مئی: بھارت نواز افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے دو اہل کار اغوا کرلیے۔ مغوی اہل کاروں کو ہراساں کیا گیا، پھر تین گھنٹے کے بعد رہا کردیا گیا۔ ویزا اسسٹنٹ حسن خان زادہ اور ان کے ڈرائیور منیرشاہ کو سفارت خانے کی گاڑی سمیت اغوا کیا گیا۔ اس واقعے پر دفترخارجہ نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔
فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام؛ عقدۂ لاینحل
اٹھارہ مئی: فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام بھی کالاباغ ڈیم کے مانند عقدۂ لاینحل بنا ہوا ہے۔ قومی اسمبلی میں حکومتی اتحادی جماعتوں جے یو آئی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی مخالفت پر فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کا آئینی بل مؤخر کردیا گیا جس پر حزب اختلاف کی جماعتوں نے شدید احتجاج کیا اور فاٹا کو آزاد علاقہ قرار دینے پر محموداچکزئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
عالمی عدالت انصاف کلبھوشن یادیو کی پھانسی میں رکاوٹ بن گئی
انیس مئی: بھارتی جاسوس اور پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ذمہ دار کلبھوشن یادیو کی پھانسی میں عالمی عدالت انصاف رکاوٹ بن گئی۔ عالمی عدالت نے بھارت کی درخواست منظور کرتے ہوئے حتمی فیصلے تک کلبھوشن کی پھانسی پر عمل درآمد روکنے کا حکم دے دیا۔
ترقیاتی منصوبوں کے لیے تاریخ ساز بجٹ
بیس مئی: وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں 2017-18 کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے ریکارڈ رقم مختص کردی گئی۔ ترقیاتی پروگرام کے لیے 21 کھرب 13 ارب روپے رکھے گئے۔ اس سے قبل ملکی ترقی کے لیے کبھی اتنا بجٹ نہیں رکھا گیا۔
حسن روحانی دوبارہ مسند صدارت پر براجمان
اکیس مئی: ایرانی صدر حسن روحانی دوبارہ صدر منتخب ہوگئے ۔ اعتدال پسند خیالات کے حامل روحانی نے قدامت پسند حریف امیدوار ابراہیم رئیسی کو شکست دی۔
سعودی عرب اور امریکا کے درمیان کھربوں ڈالر کے معاہدے
اکیس مئی: سعودی عرب اور امریکا نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرتے ہوئے 350ارب ڈالرز کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے۔ اس رقم میں سے 110 ارب ڈالر کے سعودی حکومت امریکا بہادر سے فوجی آلات اور ہتھیار خریدے گی۔
''کرلو جو کرنا ہے!''
بائیس مئی: شمالی کوریا نے ایک بار پھر امریکی دھمکیوں اور بین الاقوامی دبائو کو مسترد کرتے ہوئے بلیسٹک میزائل کا تجربہ کرلیا۔ 'بدمعاش ریاست' کی جانب سے یہ اپنی نوعیت کا دسواں تجربہ تھا۔ یہ تجربہ شمالی کوریا کی جانب سے امریکا کے لیے واضح پیغام ہے کہ'کرلو جو کرنا ہے!'
'' جُھکے کیوں؟'' امریکی عوام ڈونلڈ ٹرمپ پر آگ بگولہ
بائیس مئی: ڈونلڈٹرمپ وہ بدقسمت صدر ہیں جنھیں روز اوّل سے اپنے شہریوں کی تنقید کا سامنا ہے۔ وطن میں ہوں یا بیرون وطن، امریکی شہری انھیں بخشنے کے لیے تیار نہیں۔ سعودی عرب کے دورے کے دوران انھیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملک کا سب سے بڑا سول اعزاز پیش کیا۔ شاہ کے ہاتھوں سے یہ میڈل پہننے کے لیے انھوں نے گردن ذرا سی جھکا لی۔ بس جناب، گردن جھکانا غضب ہوگیا۔ اس عمل کو امریکا کی توہین سے تعبیر کرتے ہوئے عوام نے ان کے لتے لینا شروع کردیے۔
سی پیک پر اقوام متحدہ کو بھی تشویش
پچیس مئی: سی پیک پر اقوام متحدہ کو بھی تشویش ہونے لگی۔ عالمی ادارے نے کہا ہے کہ اس منصوبے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی تشویش کو بے جا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
''شکریہ پاکستان !'' سشما سوراج
چھبیس مئی: پاکستانی شہری سے شادی کرنے والی بھارتی خاتون ڈاکٹر عظمیٰ اسلام آباد ہائی کورٹ سے اجازت ملنے کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے بھارت پہنچ گئی۔ بھارتی وزیرخارجہ سشماسوراج نے عظمیٰ کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سعودی فرماں روا کی نوازشریف سے معذرت
چھبیس مئی: سعودی عرب میں منعقدہ اسلامی کانفرنس میں وزیراعظم نوازشریف کو خطاب کا موقع نہ دیے جانے پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستانی وزیراعظم سے ذاتی طور پر معذرت کرلی۔ وقت کی قلت کو اس 'حرکت' کا سبب بتایا گیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کو موقع نہ ملنے پر پاکستان میں خاصی لے دے ہوئی تھی۔
بھارت دیش میں گائے، بیل ذبح نہیں ہوں گے!
ستائیس مئی: انتہاپسند بھارتی حکومت نے ملک میں گائے، بیل، بھینس اور اونٹ ذبح کرنے پر پابندی عائد کردی۔ خریداروں کو حلف نامہ جمع کروانا پڑے گا کہ وہ مویشی ذبح کرنے کے لیے نہیں بلکہ زرعی مقاصد کے لیے خرید رہا ہے۔ مودی حکومت کے اس اقدام پر سیاست دانوں سمیت معروف شخصیات کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔
جے آئی ٹی تبدیل نہیں ہوگی
انتیس مئی: سپریم کورٹ نے پاناما کیس میں جے آئی ٹی کے دو اراکین پر حسن نواز شریف کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے تحقیقاتی ٹیم کو قانون کے مطابق آزادی اور غیرجانب داری کے ساتھ تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
بدترین لوڈشیڈنگ؛ کے پی کے میں عوام کا پارہ چڑھ گیا؛ دو ہلاک
تیس مئی: قیامت خیز گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ نے خیبرپختونخوا کے شہریوں کا پارہ چڑھا دیا۔ بجلی کے طویل تعطل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ بعض علاقوں میں احتجاج نے پُرتشدد شکل اختیار کرلی جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے رہنما سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
گوروں کے دیس میں چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز
یکم جون: انگریزوں کے دیس میں دنیائے کرکٹ پر حکم رانی کی جنگ کا آغاز۔ افتتاحی میچ میزبان ملک اور بنگلادیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔
'' پاکستان کی زمین تمھارے بچوں پر تنگ کردیں گے'' نہال ہاشمی کا دھمکی دینا منہگا پڑگیا
یکم جون: اپنے لیڈر سے اظہار وفاداری کرتے ہوئے سینیٹر نہال ہاشمی کچھ زیادہ ہی آگے نکل گئے۔ نام لیے بغیر انھوں نے جے آئی ٹی کے اراکین کو دھمکی دیتے ہوئے کہا،''حساب لینے والو ! سن لو! تم آج حاضر سروس ہو، کل ریٹائر ہوجائو گے، ہم تمھارے بچوں پر پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے۔'' اس بیان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی اور بعدازاں ان سے استعفٰی طلب کرلیا گیا۔
احتجاجاً کانگریسی ہندو راہنما نے گائے ذبح کرڈالی
دو جون : مودی حکومت کی جانب سے گائے کے ذبیحہ پابندی کے نفاذ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ریاست کیرالہ میں کانگریس کے ہندو راہنما جیل ماکوتائی نے گائے ذبح کردی اور گوشت سرعام فروخت کیا۔ پولیس نے کانگریسی راہنما سمیت آٹھ افراد گرفتار کرلیے۔
آسمان کو چُھوتے نرخ؛ کراچی میں پھلوں کے بائیکاٹ کی مہم
تین جون : کراچی میں ماہ رمضان کے دوران منہگے پھلوں کے بائیکاٹ کی مہم کا آغاز۔ شہریوں نے شہری انتظامیہ اور حکومت سے ناامید ہوکر اس خود پھلوں کے بائیکاٹ کی مہم کا اعلان کیا۔
فلپائن: ہوٹل میں فائرنگ، اڑتیس افراد موت کی نیند سلا دیے گئے
تین جون: فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے معروف ہوٹل کمپلیکس میں واقع کیسینو میں نامعلوم شخص نے فائرنگ کرتے ہوئے اڑتیس افراد کو موت کی نیند سلایا۔ واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی، تاہم پولیس کی جانب سے اسے لوٹ مار کی ناکام کوشش قرار دیا۔
چیمپیئنز ٹرافی؛ پاکستانی ٹیم نے قوم کی امیدوں کا خون کردیا
پانچ جون: دشمن اول بھارت کی کرکٹ ٹیم کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم نے قوم کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔ کھیل کے تینوں شعبوں بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ میں انتہائی ناقص کارکردگی دکھاتے ہوئے کھلاڑیوں نے فتح حریف ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔ پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت ایک سو چوبیس رنز کے بڑے فرق سے شکست ہوئی۔
شمالی وزیرستان میں نادرا کا اولین دفتر قائم
سات جون: ضرب عضب کے بعد شمالی وزیرستان میں نادرا کا پہلا آفس کھول دیا گیا۔ دفتر کے قیام سے تحصیل شیواہ اور اسپین وام کے عوام کو گھر کی دہلیز پر شناختی کارڈ بنانے کی سہولت حاصل ہوگی۔
امریکا میں لڑکیوں کی جبری شادیوں کا انکشاف!
نو جون: پاکستانی معاشرے میں کم عمری کی جبری شادیوں پر صدائے احتجاج بلند کرنے والوں کے لیے یہ رپورٹ یقیناً باعث حیرانی ہوگی جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ امریکا میں لڑکیوں کی جبری شادیوں کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، نیز کئی ریاستوں میں کم سنی کی شادی کا کوئی قانون ہی نہیں ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی: جنوبی افریقا کے خلاف فتح
نو جون: برطانیہ میں جاری ایونٹ میں جنوبی افریقا کو شکست دے کر شاہینوں نے فتوحات کا آغاز کردیا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم نے تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
برطانوی انتخابات؛ سیاسی جماعتیں سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام
دس جون: برطانوی عام انتخابات کے نتائج کے مطابق کوئی بھی جماعت سادہ اکثریت حاسل نہیں کرسکی۔ وزیراعظم تھریسا مے نے دارالعوام میں اکثریت نہ ملنے کے باوجود ملکہ سے حکومت سازی کے لیے اجازت طلب کرلی ہے۔
'' سعودی عرب پر حملے کریں گے ''
گیارہ جون: داعش نے مسلمانوں کی مقدس ترین سرزمین سعودی عرب پر حملوں کی دھمکی دے دی۔ اپنے ہفت روزہ آن لائن نیوزلیٹر میں داعش نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو بھی اسی طرح نشانہ بنایا جائے گا جیسے کہ اب تک یورپ اور ایران وغیرہ میں حملے کیے جاچکے ہیں۔
شاہینوں نے لنکا ڈھا دی
بارہ جون: چیمپیئنز ٹرافی کے اہم میچ میں کپتان سرفراز احمد اور محمد عامر نے پاکستان کی ڈوبتی نیّا پار لگادی اور قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچادیا۔
بنگلادیش میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی
چودہ جون: بنگلادیش دریائوں کا ملک ہے۔ اسی مناسبت سے یہاں برسات بھی بہت ہوتی ہے۔ چند روز سے جاری شدید بارش اور لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں برادراسلامی ملک کے چار فوجیوں سمیت ایک سو چونتیس افراد موت کی بھینٹ چڑھ گئے جب کہ درجنوں افراد لاپتا ہیں۔
فن کاروں اور ہنرمندوں کے لیے تاریخی پیکیج
پندرہ جون: وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے فن اور فن کار کو پاکستانی معاشرے اور اس سے جڑی درخشاں روایات کے امین قرار دیتے ہوئے ان کے لیے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے پیکیج کا اعلان کیا۔
لندن کی چوبیس منزلہ عمارت میں خوف ناک آتش زدگی
پندرہ جون: خوف ناک آتش زدگی نے لندن کے باسیوں کو مزید ہراساں کردیا جو پہلے ہی خوف کی لپیٹ میں تھے۔ میوزک کنسرٹ میں ہونے والے قتل عام کے اثرات ابھی ماند نہیں پڑے تھے کہ چوبیس منزلہ عمارت آتش زدگی کا شکار ہوگئی۔ ابتدائی طور پر چھے افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی جب کہ اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
غیرمتوقع فتح؛ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فائنل میں رسائی
پندرہ جون: چیمپیئنز ٹرافی میں ابتدائی شکست کے بعد فتوحات کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم نے فیورٹ انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ آئی سی سی ایونٹ کے اس اہم ترین میچ میں سرفراز احمد اور ان کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شان دار کارکردگی پیش کرنے والے انگلش اسکواڈ کو آئوٹ کلاس کردیا۔ شان دار فتح کے ساتھ پہلی بار چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں رسائی پر ملک بھر میں جشن کا سماں رہا۔
''دھمکی'' سے ڈرنے والے اے آسمان نہیں ہم۔۔۔۔!
پندرہ جون: سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے حسین نواز کی جانب سے فوٹولیک اور جے آئی ٹی میں وڈیو ریکارڈنگ کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ عدلیہ اور جے آئی ٹی کے خلاف جاری مہم سے بہ خوبی آگاہ ہیں لیکن دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے کام میں رکاوٹیں کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
ٹرمپ پر بدعنوانی کا مقدمہ!
پندرہ جون: امریکا میں ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے دو اراکین کانگریس نے صدرڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بدعنوانی کے الزام میں مقدمہ درج کرادیا۔ مقدمے میں ٹرمپ پر آئین کی خلاف ورزی اور غیرملکی حکومتوں سے رقوم لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
نواز شریف کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوتے ہی بنی
سولہ جون: بالآخر وزیراعظم میاں نوازشریف پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کی گئی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔ انھوں نے کمیٹی کو مطلوبہ ریکارڈ اور دستاویزات فراہم کیں۔ جے آئی ٹی نے وزیراعظم سے تین گھنٹے سے زائد وقت تک پوچھ گچھ کی۔
پاکستان لہسن کے برآمدکنندگان میں شامل
انیس جون: پاکستان لہسن برآمد کرنے والے چند ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔ وطن عزیز میں لہسن کی مقامی طلب چھین سے درآمد شدہ لہسن سے پوری کی جاتی ہے تاہم پہلی مرتبہ چینی بیج پاکستان میں کاشت کیے گئے جس سے ہدف سے زائد پیداوار حاصل ہوئی۔
چیمپیئنز ٹرافی: فائنل میں پاکستان کی فتح، بھارت میں صف ماتم بچھ گئی
انیس جون : پاکستان بھارتی سورمائوں کا غرور خاک میں ملاکر پہلی بار کرکٹ کے چیمپیئنز کا چیمپیئن بن گیا۔ عالمی رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن کے ساتھ ایونٹ کا آغاز کرنے والی ٹیم نے ٹائٹل جیت کر دنیا کو حیران کردیا۔ پاکستان نے میچ 180رنز کے بھاری فرق سے جیتا۔
کراچی سینٹرل جیل میں آپریشن، بھاری مقدار میں ممنوعہ سامان برآمد
بیس جون: سینٹرل جیل کراچی سے دو خطرناک قیدیوں کے فرار کے بعد رینجرز نے سرچ اینڈ سوئپ آپریشن کیا ۔ اس دوران موبائل فون، جیمرز کو ناکارہ کرنے والی ڈیوائسز، فریج، ایل سی ڈیز و دیگر سامان سمیت منشیات بھی برآمد کی گئی۔
سیکڑوں کے قاتل کو بھی جان پیاری؛ آرمی چیف سے رحم کی اپیل کردی
تئیس جون: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے رحم کی اپیل کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق رحم کی اپیل کلبھوشن نے جاسوسی، دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
''بابا، اٹھ جائیں عید کے کپڑے نہیں مانگیں گے ''
چوبیس جون: لدھے والا کے نواحی گائوں کوٹ بارے خان میں چار بچوں کے باپ نے خودکشی کرلی۔ بیروزگار لیاقت علی سے بچوں نے عید پر نئے کپڑے دلانے کی فرمائش کردی تھی۔ اپنے جگرگوشوں کی فرمائش پوری کرنے میں ناکامی پر بے بس باپ نے زہر کھالیا۔ باپ کی لاش پر بچے روتے ہوئے فریاد کر رہے تھے کہ بابا اٹھ جائیں عید کے کپڑے نہیں مانگیں گے۔
احمدپورشرقیہ؛ قیامت صغریٰ، آگ ڈیڑھ سو انسان نگل گئی
چھبیس جون بہاولپور میں احمد پور شرقیہ کے قریب بپا ہونے والی قیامت ڈیڑھ سو زندگیاں نگل گئی۔ احمدپور شرقیہ سے پانچ کلومیٹر دور اڈاپکی پل کے قریب کراچی سے آنے والا آئل ٹینکر موڑکاٹتے ہوئے الٹ گیا اور پیٹرول سڑک اور قریبی کھیتوں میں بہنے لگا۔ یہ دیکھ کر قریبی بستیوں کے سیکڑوں لوگ کنستر، بالٹیاں اور برتن لیے پہنچ گئے اور پیٹرول بھرنے لگے۔ اس دوران اچانک ٹینکر میں آگ بھڑک اتھی اور وہ دھماکے سے پھٹ گیا۔ اگلے ہی لمحے ہر طرف آگ دہک رہی تھی اور ابن آدم اس میں جل رہے تھے۔ ڈیڑھ سو سے زائد افراد جھلس کر دم توڑ گئے، جب کہ اتنی ہی تعداد میں زخمی ہوئے۔
سب سے زیادہ چائے پینے والی قوم کا اعزاز پاکستانیوں کے نام
انتیس جون: پاکستان میں چائے کی پیداوار دنیا بھر میں سب سے کم ہے مگر کھپت اتنی ہی زیادہ۔ پاکستانی قوم اس گرم مشروب کی رسیا ہے۔ اب چائے پینے کا جنون اتنا بڑھ گیا ہے کہ اس معاملے میں پاکستانیوں نے اقوام عالم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وطن عزیز میں چائے کا فی کس استعمال ایک کلوگرام تک پہنچ گیا ہے جو چائے کی کھپت کا سب سے بلند تناسب ہے۔
بھارت میں مسلمانوں کے حق میں مظاہرے
تیس جون: بھارت میں نچلی ذات کے ہندوؤں اور مسلمانوں پر تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہروں میں فن کار اور سیاست دانوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔
کراچی میں طوفانی بارش
تیس جون: شہرِقائد میں شدید بارش کم کم ہوتی ہے۔ گذشتہ روز بھی ایک ایسا ہی دن تھا، جب گھنگھور گھٹائیں گِھر گِھر آئیں اور بادل ایسے برسے کہ جل تھل ایک کردیا۔