امریکا کا پاکستان کی 255 ملین ڈالر فوجی امداد روکنے پر غور

پاکستان نے ٹرمپ انتظامیہ کو حقانی نیٹ ورک کے گرفتار جنگجو تک رسائی دینے سے انکار کردیا تھا


ویب ڈیسک December 30, 2017
آئندہ چند ہفتوں میں امداد جاری کرنے یا منسوخ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

امریکی حکومت نے پاکستان کی 255 ملین ڈالر فوجی امداد کی رقم روکنے پر غور شروع کردیا۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ انتہائی سختی کے ساتھ پاکستان کی 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد روکنے پر غور کررہی ہے۔ اخبار کے مطابق رواں سال اکتوبر میں پاکستانی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے عسکری پسندوں کی قید میں موجود کینیڈین شہری جوشوا بوائل اور اس کی امریکی بیوی کیٹلان کولمین کو بچوں سمیت بازیاب کرایا تھا۔ اس امریکی کینیڈین خاندان کی بازیابی کے دوران ایک اغواکار بھی پکڑا گیا تھا جس کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے ہے۔

امریکا کا خیال ہے کہ گرفتار اغوا کار کے پاس طالبان کی قید میں موجود ایک اور امریکی مغوی کیون کنگ کے بارے میں بھی معلومات ہوسکتی ہیں۔ امریکی حکام نے پاکستان میں گرفتار اس اغوا کار تک رسائی مانگی لیکن پاکستانی حکام نے منع کردیا، جس پر مایوس ہوکر ٹرمپ انتظامیہ نے 255 ملین ڈالر کی قسط روکنے پر غور شروع کردیا ہے جس کی ادائیگی ادائیگی پہلے ہی التوا کا شکار ہے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام گرفتار اغواکار سے کیون کنگ کے بارے میں معلومات چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان افراتفری پھیلانے والے افراد کو پناہ دیتا ہے، امریکی صدر کا الزام

ڈونلڈ ٹرمپ نے اگست سے ہی ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے پاکستان کی 255 ملین ڈالر کی امداد روکی ہوئی ہے۔ اس امداد کو غیرملکی فوجی معاونت کہا جاتا ہے جس کے نہ ملنے سے پاکستان کے لیے عسکری سامان کی خریداری مشکل ہوجائے گی۔ اس حوالے سے امداد جاری کرنے سے متعلق امریکی اعلیٰ حکام کا رواں ماہ اجلاس ہوا تاہم کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ آئندہ چند ہفتوں میں امداد جاری کرنے یا منسوخ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

امریکی اخبار کے مطابق یہ واضح نہیں کہ امریکا کو پاکستان کے ہاتھوں ایک اغوا کار کی گرفتاری کا کیسے علم ہوا تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک امریکی ڈرون یرغمالیوں کی بازیابی کے آپریشن کی نگرانی کررہا تھا۔ امریکی یونی ورسٹی کے پروفیسر کیون کنگ اور آسٹریلوی شہری ٹموتھی کو 2016 میں اغوا کیا گیا تھا۔ دونوں کے زندہ لیکن بیمار ہونے کی اطلاعات ہیں۔ افغانستان میں ایک اور امریکی پال اووربائی بھی 2014 سے لاپتا ہے جو حقانی نیٹ ورک کے لیڈر کا انٹرویو کرنے افغانستان گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات اگست سے کشیدہ ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے سے متعلق نئی پالیسی میں پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام لگایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں