نئی فلم کے گیتوں پر یادگار پرفارمنس ہوگی پریا آنند21 مارچ کو فلم ریلیز ہوگی

اداکارہ فلمساز سنتوشی اورپریہ درشن کی نئی فلم میں ہیروئن بنیں گی،فلم ’’انگلش ونگلش ‘‘کے بعدیہ پریا کی یہ دوسری ہندی۔۔۔


Showbiz Desk March 19, 2013
2009 سے 2012 میں ساؤتھ کی فلموں میں کام کیا ،بالی وڈ میں کام کرکے بہت خوش ہوں، 26 سالہ بالی وڈ اداکارہ کی گفتگو ۔ فوٹو : فائل

فلم ''انگلش ونگلش میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ساؤتھ کی اداکارہ پریا آنند کی نئی فلم ''رنگرز'' 21مارچ کو سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ فلم کے تین گیتوں پر یادگارپرفارمنس سے شائقین کے دلوں پر حکمرانی کا ارادہ ہے ،نئی فلم کے گیتوں پر پرفارمنس یادگار ہوگی،ان گیتوں کی دھنیں موسیقار ساجد،واجد نے تیار کی ہیں۔یہ فلم مشہور تامل فلم ''نادوڈیگل ''کی ریمیک ہے۔فلمساز سنتوش سیوان اور پریا درشن نے ملکر یہ فلم پروڈیوس کی ہے۔اس فلم کی تشہیری مہم جاری ہے ۔ اداکارہ اس فلم میں اداکار جیکی بھنگنانی کے مدمقابل ہیروئن کا کردار نبھارہی ہیں ۔اداکارہ کا کہنا ہے اس فلم میں مختلف کردار نبھارہی ہوں ۔اپنی پرفارمنس سے شائقین کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کروں گی ۔

بالی وڈ میں کام کرکے بہت خوشی ہوئی ہے اور اچھے تجربات سے گزررہی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ 2009 سے 2012کے دوران ساؤتھ کی کئی فلمیں کی ہیں ۔ان میں اچھی پرفارمنس پر بالی وڈ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی اور اداکارہ سری دیوی کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔انھوں نے کہا کہ ہندی فلم میں سری دیوی کے ساتھ کام کرنا کسی ایوارڈ سے کم نہ تھا اور مجھے اس بات پر فخرہے ،انھوں نے کہا کہ رواں سال دو فلمیں سینماگھروں کی زینت بنائی جائیں گی۔انھوں نے کہا کہ فلم ''انگلش ونگش'' میں رادھا کے کردار میں پسند کیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ تامل اور تلگو فلموں میں اب بھی کام کررہی ہوں اور اس سال بھی ساؤتھ کی کئی فلمیں ہندی فلموں کے ساتھ سینماگھروں کی زینت بنائی جائیں گی۔ 26 سالہ اداکارہ پریا کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں اپنا الگ مقام بنانے کے لیے محنت کرتی رہوں گی اور سینئرز سے رہنمائی بھی حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھوں گی۔ اداکارہ نے بتایا کہ نئی فلم میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں۔ واضح رہے کہ 17 ستمبر 1986 کو تامل ناڈو چنائی میں تلگو اور مراٹھی والدین کے گھر پیدا ہونے والی پریہ آنندکو ان دونوں زبانوں پر عبور حاصل ہے ۔



اس کے ساتھ پریہ نے انگریزی ،ہندی ،بنگالی اور ہسپانوی زبانیں بھی سیکھ رکھی ہیں زندگی کے ابتدائی ایام چنائی اور حیدرآباد میں گزارے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے بعد اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے امریکا گئی اس عرصہ میں فلم میکنگ کے حوالے سے تکینک جاننے کی کوشش بھی کرتی رہی تاہم اس عرصہ تک کبھی بھی اداکارہ بننے کے بارے میں سوچا تک نہیں تھا ۔البانے یونیورسٹی سے کمیونیکیشن اور جرنلزم کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 2008میں وطن واپسی ہوئی ۔ چنائی پہنچ کر دادا کے گھر رہنا شروع کیا۔شروع میں ماڈلنگ کے شعبے میں کام کرنے کا اتفاق ہوا اورکچھ ٹی وی کمرشلز کیں۔

اسی دوران ٹی وی کمرشلز دیکھ کر ساؤتھ کے کئی پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں نے فلم میں کام کرنے کی آفرز کیں۔ پہلی فلم اگرچہ 2009 میں سینماؤں کی زینت بنی مگر اس سے پہلے 2008 کے دوران تامل فلم مکمل کی تھی اور اس فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی ۔اداکارہ کے مطابق اسی عرصہ میں فلم میں چینل رپورٹر کا کردار بھی بڑی خوبی سے نبھایا جس کی دھوم بالی وڈ میں بھی مچ گئی اور یوں ساؤتھ کی فلموں سے عمدہ پرفارمنس کے چرچے بالی وڈ کے ہدایتکاروں اور پروڈیوسرز تک پہنچے ۔2010 میں سینما گھروں کی زینت بنائی جانیوالی تلگوفلم ''لیڈر''کے کردار سے متاثر ہوکر کئی فلمیں آفرز ہوئیں۔

اداکارہ پریا کا کہنا ہے کہ ان فلموں میں اپنے کرداروں کو دیکھ کر فیصلہ کرنے کی ٹھان لی تھی اس لیے بالی وڈ کے لیے اپنی پسند کے کردار کا انتظار کیا ،جو سری دیوی کی فلم ''انگلش ونگلش ''میں مل گیا۔ اداکارہ پریا آنند کا کہنا ہے کہ رواں سال ہی فرحان اختر کی فلم بھی کررہی ہوں ۔اس فلم کی کہانی مریگھدیپ سنگھ لامبا نے لکھی ہے۔ میوزک رام سمپتھ نے تیار کیا ہے ۔

فلم مکمل ہوچکی ہے اور اب اسے جلد ریلیز کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ پریہ آنند نے ساؤتھ کی فلموں میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے شہرت پائی ہے ان کی پہلی ہندی فلم بھی بہتر رہی تاہم آئندہ ان کی میگا اسٹارزفلم میں پرفارمنس سے ہی مستقبل کا فیصلہ ہو سکے گا ۔میگا بجٹ فلم کی باکس آفس پر کامیابی ہی اداکارہ کو شہرت کی بلندیوں پر فائز کرسکے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں