ماسٹرز ٹائٹلز کا حصول رافیل نڈال نے راجر فیڈر ر کو پیچھے چھوڑ دیا

انڈین ویلز کی صورت میں کیریئرکی22 ویں ٹرافی جیتی، فائنل میں ڈیل پوٹرو ناکام، ویمنز ٹرافی ماریا شراپوواکے نام


Sports Desk/AFP March 19, 2013
انڈین ویلز ٹینس: فائنل میں نڈال کیخلاف ارجنٹائن کے ڈیل پوٹروگیند ریٹرن کررہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

رافیل نڈال نے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو ٹھکانے لگاکر انڈین ویلز ماسٹرز ٹینس کا ٹائٹل جیت لیا۔

اس طرح ماسٹرز ٹائٹلز کے حصول میں انھوں نے راجرفیڈرر کو پیچھے چھوڑ دیا، ویمنز ٹرافی ماریا شراپووا کے نام ہوگئی، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں ڈنمارک کی کیرولین ووزینسکی کو قابو کیا۔ تفصیلات کے مطابق مینز سنگلز فائنل میں رافیل نڈال نے ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹروکو4-6، 6-3،6-4سے ہرادیا،7 ماہ انجری کے سبب کھیل سے دور رہنے والے اسپینش اسٹار کی یہ بین الاقوامی ٹینس میں واپسی پر تیسری ٹرافی ہے۔

انھوں نے تیسری مرتبہ انڈین ویلز ماسٹرز کا فائنل جیتا،11مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن نے2010 کے بعد ہارڈ کورٹ میں پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا، جس کے بعد ان کے ماسٹرز ٹائٹلزکی تعداد22 ہوگئی، یوں وہ اس معاملے میں روجرفیڈرر سے آگے نکل گئے،نڈال نے گذشتہ برس مارچ میں میامی ماسٹرز سے دستبرداری کے بعد کسی بھی ہارڈ کورٹ ایونٹ میں حصہ نہیں لیا تھا، اس کی وجہ بائیں گھنٹے میں انجری بنی، اسی وجہ سے وہ گذشتہ برس جون میں ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ سے باہر ہوگئے تھے۔

انھوں نے گذشتہ ماہ کھیل میں واپسی اختیار کرتے ہوئے وینا ڈیلمار میں رنر اپ رہتے ہوئے اختتام کیا،اس سے قبل ساؤ پاؤلو اور ایکاپلکو ایونٹس میں ٹائٹلز اپنے نام کیے تھے، انڈین ویلز ان کے لیے گذشتہ تینوں ایونٹس کے مقابلے میں سخت آزمائش ثابت ہوا، جہاں دنیا کے50 ٹاپ پلیئرز میں سے49 نے حصہ لیا ،5 سیڈنگ پانے والے نڈال نے اپنی راہ میں آنے والے دفاعی چیمپئن روجرفیڈرر کو کوارٹر فائنل میں قابو کیا جبکہ فیصلہ کن معرکے میں انھوں نے جائنٹ کلر کی شہرت رکھنے والے ڈیل پوٹرو کو 4-6،6-3، 6-4سے ہرادیا، ارجنٹائنی پلیئر نے ورلڈ نمبرون نووک جوکووک اور نمبر3 اینڈی مرے کو پچھاڑتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔



دوسری جانب ویمنز سنگلز کے فائنل میں ماریا شراپووا نے کیرولین ووزینسکی کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-2،6-2 سے زیر کرلیا، ماریا نے دوسری مرتبہ انڈین ویلز سنگلز ٹائٹل جیتا، وہ اس سے قبل 2006 میں یہاں چیمپئن بننے کااعزاز حاصل کرچکی ہیں، ماریا نے 2012 میں فرنچ اوپن جیتنے کے بعد پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا، ابتدائی سیٹ میں انھوں نے ڈینش حریف پر برتری لیے رکھی، ساتویں گیم میں دوسری مرتبہ ووزینسکی کی سروس بریک کرکے انھوں نے اسکور 5-2 سے اپنے حق میں کیا۔

اس موقع پر ان سے سرزد ہونے والی دو غلطیوں نے ووزینسکی کو ڈبل بریک پوائنٹ دیے لیکن شراپووا نے بیک ہینڈ ونرز کی مدد سے دونوں کو بچالیا اور پھر ایسز اور فورہینڈ اسٹروکسسے سیٹ اپنے قبضے میں کرلیا، روسی اسٹار نے دوسرے سیٹ کا آغاز بھی ایک اور بریک کے ساتھ کیا۔

ووزینسکی بریک پوائنٹ پر ڈبل فالٹ سے فائدہ اٹھانے کے معاملے پر کچھ بدقسمت رہیں، ان کی دوسری سروس نیٹ سے ٹکراگئی، دوران میچ ووزینسکی کے پاس شراپووا کی سروس کا کوئی جواب دکھائی نہیں دیا، شرپووا کے کوچ انھیں ہر مرحلے پر بہترین مشورے دیتے رہے ، دوسرے سیٹ میں بھی6-2 سے فتح ان کا مقدر بنی، ماضی میں ورلڈ نمبرون رہنے والی ووزینسکی اب تک 20 ڈبلیو ٹی اے ٹائٹلز جیت چکی ہیں ، جس میں 2011 کا انڈین ویلز بھی شامل ہے لیکن وہ ابھی تک کسی بھی ایونٹ کے فائنل میں دنیا کی تین سرفہرست پلیئرز کو شکست نہیں دے پائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں