پاکستان کی ینگ بریگیڈ نے کینگروز کو کچل دیا

انڈر19 کرکٹ سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی، میزبان اوپنر ریان ہیکنی کے 109رنز رائیگاں


Sports Desk January 01, 2018
تیسرے میچ میں گرین شرٹس 49رنزسے فتحیاب، زیدعالم سنچری بناکر میچ کے ہیرو بن گئے۔ فوٹو : فائل

تیسرے انڈر 19 ون ڈے میں پاکستان کی ینگ بریگیڈ نے کینگروز کو کچل دیا۔

انڈر 19 ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا کے ساتھ تین میچز کی یوتھ ون ڈے سیریز پاکستان نے 2-0 سے جیت کر اپنا مورال بلند کرلیا ہے۔ پہلے میچ میں گرین شرٹس نے 6 وکٹ سے فتح اپنے نام کی تھی، دوسرا ایک روزہ یوتھ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ اتوار کو تیسرے میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 49 رنز سے کامیابی کو گلے لگایا ہے۔

310 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی آسٹریلوی ٹیم کو ریان ہیکنی نے جیک وائٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کو 103 رنز کی مضبوط بنایا فراہم کی تاہم شفقات نے وائٹ کی کہانی 39 رنز پر اختتام پذیر کردی، اس جوڑی کا ٹوٹنا تھا کہ یکے بعد دیگرے تین مزید کھلاڑی بھی پویلین واپس لوٹ گئے، ہیریسن ووڈ (5) کو سلیمان شفقات نے بولڈ کیا، میکینزی ہاروی 8 رنز پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ اولیور ڈیوس کو علی زریاب آصف نے اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے کھاتہ تک نہیں کھولنے دیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود اوپنر ہیکنی کو اب کیمرون گرین کی رفاقت میسر آئی، دونوں نے ٹوٹل کو آگے بڑھانا شروع کیا ہی تھا کہ ہیکنی کو سلیمان شفقات کی گیند پر عماد عالم نے کیچ کرلیا، انھوں نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 110 بالز پر 109 رنز اسکور کیے، بعد ازاں گرین نے 47 رنز بنائے مگرمقررہ اوور میں ٹیم کا ٹوٹل 9 وکٹ پر 260 تک ہی پہنچ پایا۔ شفقات نے 3 اور شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں لیں۔

اس سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 7 وکٹ پر 309 رنز بنائے، محمد زید عالم نے 134 بالز پر 128 رنز بنائے، جس میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، علی زریاب آصف 56، عماد عالم 39 اور روحیل نذیر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیل اسمتھ اور ڈیوس نے دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں