سال 2017 میں بھی مہنگائی پر قابو پانے کے سرکاری دھوے دھرے رہ گئے

سال کے دوران تازہ دودھ کی قیمت میں10روپے فی لیٹر کا اضافہ ہوا، ٹماٹر نے 200روپے کا نیا ریکارڈ قائم کیا

 گراں فروشی کا بازار سارا سال گرم رہا، شہری انتظامیہ نے تھک ہارکر سرکاری نرخ بھی مارکیٹ کی قیمت کے برابر کردی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سال 2017کے دوران مہنگائی قابو کرنے کے تمام سرکاری دعوے دھرے رہ گئے، گراں فروشی کا بازار سارا سال گرم رہا۔

کنٹرولر جنرل آف پرائسز کمشنر کراچی کے نرخ نامے کے مطابق جنوری 2017میں زندہ برائیلر مرغی 120روپے کلو جبکہ گوشت کی قیمت 186روپے کلو مقرر کی گئی تھی جو سال کے اختتام پر زندہ مرغی کی قیمت 214روپے فی کلو اورگوشت کی قیمت 332روپے کلو تک پہنچ گئی اسی طرح مرغی کی سرکاری قیمت میں ہی زندہ مرغی 94روپے کلو جبکہ گوشت کی قیمت میں 146روپے کلو کا اضافہ ہوا۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق مرغی کا گوشت گائے کے بغیر ہڈی کے گوشت کی قیمت سے صرف 8روپے کم قیمت پر فروخت ہورہا ہے کنٹرولر جنرل آف پرائسز نے بکرے کے گوشت کی حالیہ قیمت 740روپے ،بیف ہڈی والے گوشت کی قیمت 300روپے،بغیر ہڈی بیف کی قیمت 340روپے،بچھیا کے گوشت کی حالیہ قیمت 380روپے بغیرہڈی بچھیا کے گوشت کی قیمت 470روپے مقرر کی ہے۔


سال 2016کے وسط تک بکرے کے گوشت کی سرکاری قیمت 550روپے، ہڈی والے بیف کی قیمت 270روپے کلو، بغیر ہڈی بیف کی قیمت 310روپے کلو، بچھیا کے ہڈی والے گوشت کی قیمت 320روپے کلو جبکہ بغیر ہڈی بچھیا کے گوشت کی قیمت 440روپے تھی سال میں بکرے کے گوشت کی سرکاری قیمت 190روپے کلو تک بڑھادی گئی جبکہ بازاروں میں بکرے کا گوشت 850سے 900روپے کلو تک فروخت ہورہاہے۔

ایک سال کے دوران تازہ دودھ کی قیمت میں 10روپے لیٹر جبکہ ٹیٹرا پیک دودھ کی قیمت میں 20روپے لیٹر تک اضافہ ہوا، ٹیٹرا پیک دودھ 130روپے لیٹر جبکہ تازدہ دودھ 85روپے لیٹر فروخت ہورہا ہے پیاز کی قیمت گزشتہ سال 100روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچی اور ٹماٹر نے 200روپے کا ریکارڈ قائم کیا ایک سال کے دوران کھلے تیل گھی کی سرکاری قیمت 8روپے اضافے سے 155روپے تک پہنچ گئی برانڈڈ گھی اورتیل کی قیمت میں بھی 10روپے کا اضافہ ہوا۔

سال کے آغاز پر چینی 62روپے کلو فروخت کی جارہی تھی جو دسمبر تک 55روپے کلو مل رہی ہے، سال کے دوران گرم مصالحوں کی قیمتوں میں استحکام رہا زیرہ کی قیمت 41سے بڑھ کر 51روپے فی 100گرام، دار چینی 28روپے کی 100گرام، بڑی الائچی 147روپے کی 100گرام، چھوٹی الائچی 174روپے کی 100گرام، لونگ 131روپے کی 100گرام، کالی مرچ ثابت 73روپے کی 100گرام، کالی مرچ پاؤڈر کی قیمت 75روپے کی 100گرام، گرم مصالحہ ثابت 62روپے کا 100گرام جبکہ پاؤڈر گرم مصالحہ 66روپے فی 100گرام کی سطح پر آگئی، مختلف اقسام کی دالوں کی قیمت میں استحکام رہا آٹے کی قیمت 2سے 4روپے فی کلو اضافہ ہوا۔

 
Load Next Story