4 ماہ قبل اغوا کی گئی نوجوان لڑکی بازیاب ملزم گرفتار

واقعے کے بعد سے پولیس تفتیش کر رہی تھی، ایس ایچ او پاکستان بازار راشد خان


Staff Reporter January 01, 2018
واقعے کے بعد سے پولیس تفتیش کر رہی تھی، ایس ایچ او پاکستان بازار راشد خان۔ فوٹو: فائل

پاکستان بازار پولیس نے 4 ماہ قبل اغوا کی گئی نوجوان لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

اورنگی ٹاؤن گلشن ضیا کی رہائشی مسکان دختر زاہد کو20 اگست کو اغوا کر لیا گیا تھا جس کا مقدمہ پاکستان بازار تھانے میں الزام نمبر 255/17 زیر دفعہ 365 بی کے تحت درج کیا گیا۔

ایس ایچ او پاکستان بازار راشد خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ واقعے کے بعد سے پولیس تفتیش کر رہی تھی اور ملزم عمران کے موبائل فون کی لوکیشن حاصل کی گئی لیکن نمبر بند تھا جبکہ سی ڈی آر کے ذریعے بھی اس بات کی تصدیق ہوئی کہ عمران ہی مسکان کے اغوا میں ملوث ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جیسے ہی اس کا موبائل فون آن ہوا تو ٹیکنیکل سپورٹ کی بدولت پولیس نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کے نتیجے میں ملزم کو گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر مغویہ کو بازیاب کرالیا ، انھوں نے بتایا کہ ملزم اور مغویہ کو پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں