بلوچستان اسمبلی تحلیل سندھ اور خیبر اسمبلیاں آج تحلیل کی جائینگی

سندھ میں جسٹس ریٹائرڈ قربان علوی نگراں وزیراعلیٰ ہونگے ،متحدہ اور پیپلزپارٹی میں اتفاق ہوگیا

سندھ میں جسٹس ریٹائرڈ قربان علوی نگراں وزیراعلیٰ ہونگے ،متحدہ اور پیپلزپارٹی میں اتفاق ہوگیا،ذرائع ،وزرا کے ناموں کو حتمی شکل دینے کیلیے صلاح و مشورے فوٹو: فائل

سندھ اسمبلی اور سندھ حکومت آج (منگل کو) تحلیل ہوجائیں گی اور سندھ کے تمام ارکان اسمبلی، وزرا اور مشیران اپنے عہدوں سے فارغ ہوجائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ جسٹس ریٹائرڈ قربان علوی کو نگراں وزیراعلیٰ بنانے پر متفق ہوگئیں، سندھ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی ایڈوائس وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو بھیج دی ہے۔ توقع ہے کہ منگل (آج ) کو گورنر سندھ کی منظوری کے بعد سندھ اسمبلی کی تحلیل کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا ۔ اس ضمن میں چیف سیکریٹری سندھ کو نگراں وزیراعلیٰ اور وزراء کے لیے تیاریاں مکمل کرنے کا بھی حکم جاری کردیا گیا ہے جبکہ سندھ کے اہم حکام کو وزراء کے احکام پر عملدرآمد سے بھی روک دیا گیا ہے ۔


دوسری جانب سندھ میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات پیر کو بھی جاری رہے تاہم یہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے اور دونوں جماعتوں کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات منگل (آج) کو پھر ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں رات گئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبائی وزراء کے ہمراہ گورنر سندھ سے نگراں حکومت کے حوالے سے اہم مذاکرات کیے جس کے بعد توقع ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس پر گورنر سندھ آج کسی بھی وقت سندھ اسمبلی تحلیل کرنے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیں گے ۔

ذرائع کے مطابق پیر کو گورنر ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے پہلے ون ٹو ون اور بعدازاں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں آغا سراج درانی، پیر مظہر الحق، شرجیل انعام میمن اور ایاز سومرو کے ہمراہ ملاقات کی ۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید سردار احمد، ڈاکٹر صغیر احمد اور دیگر شامل تھے ۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے دو نام جن میں جسٹس(ر) منیب الرحمن اور جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ شامل ہیں جبکہ ایم کیو ایم اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دیے گئے5 ناموں جن میں جسٹس (ر) منیب الرحمن، جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد، جسٹس (ر) غوث محمد، جسٹس (ر) محمعد عالم رضوی اور بیرسٹر حبیب الرحمن شامل ہیں پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے پیر کو رات گئے اس کی باقاعدہ ایڈوائس گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو بھیج دی ۔ انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ پیر کو ہونے والے مذاکرات میں دونوں جانب سے پیش کردہ ناموں پر کسی قسم کا اتفاق نہ ہونے کے بعد پیپلز پارٹی نے مزید دو نام نگراں وزیر پیش کیے ہیں جن میں فضل اللہ قریشی اور جسٹس (ر) زاہد قربان علوی کے نام شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق جسٹس زاہد قربان علوی کے نام پر اتفاق ہوچکا ہے، دوسری جانب صوبائی وزراء نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر سندھ کو ایڈوائس نہیں بھیجی ہے تاہم منگل (آج) کو ایڈوائس بھیجی جائے گی۔

Recommended Stories

Load Next Story