سال نو پر کرکٹ اسٹارز کی جانب سے منفرد اندازمیں مبارکباد

کرکٹرز نے امید ظاہر کی کہ نیا سال تمام لوگوں کے لیے خوشیوں سے بھرپور ہو


ویب ڈیسک January 01, 2018
محمد عامر کی منفرد انداز میں سال نو کی مبارکباد؛ فوٹو ٹوئٹر

نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی پاکستانی کرکٹ اسٹارزنے نئے سال کا جشن جوش و خروش سے مناتے ہوئے لوگوں کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ نیا سال تمام لوگوں کے لیے خوشیوں سے بھرپور ہو۔

محمد عامر:

نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی محمد عامر نے ٹوئٹر پر بیوی اور بیٹی کے ساتھ بہت ہی خوبصورت تصویر شیئر کی اور دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اگلا سال خوشیوں سے بھرپور ہو۔ تصویر میں محمد عامر ہرے رنگ کی شرٹ پہنے ہوئے ہیں جس پر'ہیپی' ان کی بیٹی کی شرٹ پر 'نیو'اور عامر کی اہلیہ کی شرٹ پر 'ائیر' لکھا ہوا ہے۔



سعید اجمل:

پاکستانی کرکٹ کے جادوگر اسپنر سعید اجمل بھی پیچھے نہیں، انہوں نے نئے سال کی آمد کے موقع پر امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 2018 ہم سب کے لیے خوشیاں اور کامیابی لے کر آئے۔ انہوں نے لکھا اپنے آس پاس موجود لوگوں کی مدد کریں اور مجھے ہمیشہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔



محمد حفیظ:

پاکستانی کرکٹ کے پروفیسر محمد حفیظ نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا 2018 کا کیلنڈر تمام لوگوں کے لیے خوشیوں بھرے لمحات اور عزت لے کر آئے، ہمیشہ مثبت سوچ اپنائیں اور اپنا ہدف پانے کے لئے خوب محنت کریں۔



شعیب اختر:

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اخترنے گزشتہ رات ہی نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے لوگوں سے ان کے عہد کے متعلق پوچھتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں آپ نے کیا عہد کیا ہے؟



شعیب ملک:

پاکستانی کرکٹ کے سابق کپتان شعیب ملک نے چھوٹے سے پیغام میں لکھا'نیا سال مبارک ہو دوستو'۔



کامران اکمل:

وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے بھی نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیا سال سب کے لیے خوشیاں لے کر آئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے تمام لوگوں سے انہیں دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی۔



احمد شہزاد:

احمد شہزاد نے 2017 کے حوالے سے کہا کہ گزرا ہوا سال انہیں بہت کچھ سکھا گیا، تبدیلی اچھی ہوتی ہے اور اچھی تبدیلی بہترین ہوتی ہے۔ احمد شہزاد نیا سال ہمیشہ اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ مناتے ہیں لہٰذا اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اس روٹین میں کوئی تبدیلی کرنا نہیں چاہیں گےاور نئے سال کا جشن ہمیشہ کی طرح اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ منائیں گے۔



رمیز راجا:

رمیز راجا نے ایک بہت ہی خوبصورت ویڈیو کے ذریعے تمام لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد دی ہے۔ ویڈیو میں رمیز راجا ایک گلاب کا پھول ہاتھ میں لیے کھڑے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ آپ کی زندگی ان پھولوں کی طرح مہکتی رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں