نوسٹرا ڈیمس کی 2018ء میں تیسری عالمی جنگ اور قدرتی آفات کی پیش گوئیاں

فرانسیسی دانش ور کی بتائی ہوئی بیشتر پیش گوئیاں درست ثابت ہوچکی ہیں

مائیکل ڈی نوسٹرا ڈیمس پندرہویں صدی میں فرانس میں گزرے جنہوں نے اپنی مشہور زمانہ تخلیق ’’لیس پروفیٹائز‘‘ میں 924 اشعار کی شکل میں ایک ہزار کے قریب پیش گوئیاں کی ہیں جن میں سے بیشتر 100 فیصد درست ثابت ہوئیں، فوٹو: انٹرنیٹ

انسانی تاریخ کے مشہور نجومی اور پیش گو نوسٹرا ڈیمس نے سال 2018ء میں تیسری عالمی جنگ چھڑنے، زمین سے سیارچہ ٹکرانے اور عالمی معیشت کے زوال سمیت دیگر پیش گوئیاں کر رکھی ہیں۔

نپولین اور ہٹلر کی آمد اور نائن الیون وقوع پذیر ہونے کی صدیوں قبل پیش گوئی کرنے والے فرانس کے معروف حکمت داں نوسٹرا ڈیمس نے سال 2018ء کے لیے متعدد پیش گوئیاں کی ہیں۔ مائیکل ڈی نوسٹرا ڈیمس پندرہویں صدی میں فرانس میں گزرے جنہوں نے اپنی مشہور زمانہ تخلیق ''لیس پروفیٹائز'' میں 924 اشعار کی شکل میں ایک ہزار کے قریب پیش گوئیاں کی ہیں۔



ان میں سے بیشتر 100 فیصد درست ثابت ہوئیں تاہم چند پیش گوئیاں ان کے بتائے ہوئے وقت کے کچھ برس بعد پوری ہوئیں، جیسا کہ نائن الیون کی پیش گوئی نوسٹرا ڈیمس نے 1999ء کے لیے کی تھی تاہم وہ دو سال بعد 2001ء میں پوری ہوئی، یہ کتاب 1555ء میں پہلی بار ان کی موت کے بعد شائع ہوئی اور آج تک شائع ہورہی ہے۔

نوسٹرا ڈیم نسلی طور پر یہودی تھے تاہم ان کے اہل خانہ نے مذہب تبدیل کرکے کیتھولک عیسائیت اختیار کی۔ متعدد محقق اس بات پر متفق ہیں کہ نوسٹرا ڈیمس نے دور حاضر میں مشرق وسطی میں داعش کے حوالے سے قتل و غارت کی پیش گوئی کردی تھی اور اب لوگ یقیناً یہ جاننا چاہتے ہیں کہ نوسٹرا ڈیمس نے سال 2018ء کے لیے کیا پیش گوئیاں کررکھی ہیں۔

تیسری عالمی جنگ


نوسٹرا ڈیمس نے 2018ء کے لیے سب سے بڑی پیش گوئی یہ کی ہے کہ اس سال تیسری عالمی جنگ چھڑ جائے گی۔ نوسٹرا ڈیمس نے اپنی رباعی میں لکھا ہے کہ بڑی جنگ فرانس میں شروع ہوگی بعدازاں تمام یورپ پر حملہ کیا جائے گا۔ یہ طویل جنگ ہوگی جو سب کے لیے خوف ناک ثابت ہوگی بالآخر امن و امان قائم ہوجائے گا لیکن اس سے چند ہی لوگ لطف اندوز ہوسکیں گے۔



نوسٹرا ڈیمس کے مطابق یہ جنگ دنیا کی دو بڑی طاقتوں کے درمیان شروع ہوگی جو 27 برس تک جاری رہے گی، اس ضمن میں آج کے مبصرین کہتے ہیں کہ یہ دو طاقتیں چین اور امریکا ہی ہوں گے جب کہ شمالی کوریا اور روس چین کے ساتھ اتحاد کرلیں گے۔

آتش فشاں پہاڑ کا پھٹنا


اٹلی میں واقع ایک آتش فشاں پہاڑ '' ماؤنٹ ویسویس'' کے بارے میں پیش گوئی ہے کہ ''وہ ہر پانچ منٹ بعد تھرتھرائے گا اور کم از کم 6 ہزار افراد ہلاک ہوجائیں گے''۔



سال 2016ء کے آغاز میں اٹلی کے شہر نیپلز میں واقع اس پہاڑ کے گرد آباد 15 لاکھ افراد کو خبردار کیا گیا کہ وہ ایک خطرناک علاقے میں رہ رہے ہیں جہاں ایک بہت بڑا آتش فشاں پہاڑ موجود ہے جو کسی بھی وقت پھٹ کر بڑی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔

امریکا میں قدرتی آفت کی آمد


نوسٹرا ڈیمس نے امریکا بھر میں قدرتی آفت آنے کی پیش گوئی کی ہے، اپنی کتاب میں وہ لکھتا ہے کہ ایک زلزلہ ریاست ہائے متحدہ امریکا میں آئے گا بالخصوص مغربی علاقے زیادہ متاثر ہوں گے اور اس زلزلے کی طاقت پوری زمین پر محسوس کی جائے گی۔




اس ضمن میں یو ایس جیولوجیکل سروے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا اور اس میں موجود ایک چھوٹے سے قصبے سین اینڈریاس سے دو بڑی فالٹ لائنیں گزرتی ہیں، ان رپورٹس پر ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ ان فالٹ لائنوں کے سبب کسی بھی وقت ریکٹر اسکیل پر آٹھ یا اس سے زائد شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سین اینڈریان فالٹ میں ایک زلزلہ جنم لے رہا ہے جو اگلے 30 سے 40 سال میں ایک بڑے زلزلے کی وجہ بن سکتا ہے۔

سیارچے کا زمین سے ٹکرانا


نوسٹرا ڈیمس کے نزدیک اس سال ایک بڑا سیارچہ زمین سے ٹکرا سکتا ہے، وہ لکھتا ہے کہ وہ بڑی آسمانی آفت کے لمحات ہوں گے جب آسمان سے ایک سیارچہ زمین کے مدار میں داخل ہوگا۔ دوسری جانب اس نے 2018 میں ایٹمی دہشتگردی اور دیگر آفات سے بھی خبردار کیا ہے۔



یہ پیش گوئی غلط ثابت ہونے کا بڑا امکان ہے کیوں کہ ناسا کا کہنا ہے کہ اگلے سو برس تک زمین سے کسی بڑے سیارچے کے ٹکرانے کے کوئی امکانات نہیں۔

عالمی معاشی بحران




اس ضمن میں نوسٹر ا ڈیمس لکھتا ہے کہ امیر افراد مرجائیں گے، ماہرین کے مطابق تیسری عالمی جنگی اور آسمانی آفات کی وجہ سے دنیا کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہوجائے گا نتیجے میں دنیا عالمی کساد بازاری (معاشی بحران) کا شکار ہوجائے گی۔

لوگوں کی عمریں 200 سال تک پہنچ جائیں گی


فرانسیسی پیش گو لکھتا ہے کہ ادویات میں جدت کے باعث انسان کی عمر بڑھ جائے گی اور لوگوں کی عمریں 200 سال تک پہنچ جائیں گی۔



مبصرین کے مطابق 2018ء سے اس انقلاب کا آغاز ہوجائے گا اور ایسی ادویات کی تیاری شروع ہوجائے گی جو عمر بڑھا سکے ممکن ہے کہ 2018ء میں ہی ایک 80 سالہ شخص 50 سال کا نظر آئے اور یہ کچھ بعید نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نابینا خاتون نجومی بابا وینگا کی 2018 کیلئے اہم پیش گوئیاں

یاد رہے کہ بلغاریہ کی مشہور خاتون آنجہانی بابا وینگا کا نام بھی پیش گوئیوں کے حوالے سے دنیا بھر میں مقبول ہے جنہوں نے بہت سے تباہ کن واقعات کی قبل از وقت آگاہی دی تھی اور ان کی 80 سے 90 فیصد پیش گوئیاں پوری ہوچکی ہیں، بابا وینگا نے اگلے سال کے لیے دو اہم پیش گوئیاں کی ہیں۔
Load Next Story