سال نو کے آغاز پر پاکستانی فٹبال شائقین کیلیے خوشخبری

یوروگوئے کے ایٹلیٹکو پینارول کلب کی انڈر16 ٹیم اپریل میں دورہ کرے گی

پاکستان اور جنوبی امریکا کے ملک یوروگوئے کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر معاہدہ طے پاگیا۔ فوٹو: فائل

نئے سال کے آغاز میں ہی فٹبال شائقین کے لیے خوشخبری آگئی، یوروگوئے کے ایٹلیٹکو پینارول کلب کی انڈر16 فٹبال ٹیم اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق سیریز کے یہ میچز کراچی اور ملتان میں کھیلے جانے کا قوی امکان ہے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ دوسرے مرحلے میں پاک الیون فٹبال کلب بھی مئی میں یوروگوئے جائے گا اور میزبان ملک میں اتنے ہی میچوں کی سیریز میں حصہ لے گا۔

اس حوالے سے فیفا کی تسلیم شدہ پی ایف ایف کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری فہد خان کا کہنا ہے کہ وہ پینارول کلب پاک الیون فٹبال کلب کے ساتھ دوستی سیریز کھیلے گا۔ اس ضمن میں پاک وژن نے ملک کے تعلیم یافتہ اور قومی فٹبال ٹیم سے منسلک کوچز پر مشتمل ایک سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔ یہ سلیکشن کمیٹی بہت جلد ملکی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام منعقد کرے گی جس میں نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیت دکھانے کا بھرپور موقع دیا جائے گا۔


فہد خان نے کہا کہ منتخب کھلاڑیوں کا کیمپ کراچی یا ملتان میں لگایا جائے گا جس میں ماہر کوچز کی نگرانی میں پلیئرز کی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ایک سوال پر فاہد خان کا کہنا تھا کہ سید فیصل صالح حیات نے عالمی سطح پر بہت سے ملکوں کے ساتھ دیرینہ تعلقات قائم کیے جس کا مجموعی طور پر فائدہ ملکی فٹبال کو بھی ہوا، انھیں ممالک میں ایک ملک یوروگوئے بھی شامل ہے، بطور ڈپٹی جنرل سیکریٹری مجھے مختلف ملکوں اور کلبز کے ساتھ تعلقات فروغ دینے کا کام سونپا گیا۔

پی ایف ایف کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ سید فیصل صالح اور کرنل احمد یار لودھی اپنی ذاتی حیثیت میں اس وقت بھی اس سیریز کو خوش اسلوبی سے منعقد کرانے میں بھرپور مدد کر رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ کارپوریٹ سیکٹر کی طرف سے بہت حوصلہ افزا جواب مل رہا ہے اور بہت جلد پریس کانفرنس کروں گا جس میں قومی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا لائحہ عمل واضح کروں گا،فٹبال شائقین کے لیے اور بھی بہت سے اعلانات کیے جائیں گے۔

 
Load Next Story