شائق پر ہاتھ اٹھانے کی سزا صابر کنٹریکٹ سے محروم 6 ماہ کیلیے معطل

صابر رحمان 20 لاکھ ٹکا جرمانہ بھی ادا کریں گے۔

صابر کو پہلے بھی 2 مرتبہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا مل چکی، ڈسپلنری کمیٹی کے نائب چیئرمین شیخ سہیل۔ فوٹو:فائل

ڈومیسٹک میچ کے دوران شائق پر ہاتھ اٹھانے والے بنگلادیشی بیٹسمین صابر رحمان سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہونے کے ساتھ اگلے 6 ماہ کے لیے معطل ہوگئے۔

میچ کے دوران شائق پر ہاتھ اٹھانے والے بنگلادیشی بیٹسمین صابر رحمان سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہونے کے ساتھ اگلے 6 ماہ کے لیے معطل ہوگئے جب کہ وہ 20 لاکھ ٹکا جرمانہ بھی ادا کریں گے۔ انھوں نے نیشنل کرکٹ لیگ میں ڈھاکا میٹروپولس سے میچ کے دوسرے روز راجشاہی کی نمائندگی کے دوران ایک لڑکے کی سائٹ اسکرین کے پیچھے جاکر پٹائی کی تھی۔


ذرائع کے مطابق وہ اسٹینڈ سے ان پر آوازیں کس رہا تھا جس پر صابر غصے میں آئے اور ان کے اشارے پر ایک شناسا لڑکے کو سائٹ اسکرین کے پیچھے لے آیا،کرکٹر امپائر سے اجازت لے کر فیلڈ سے باہر گئے اور اس لڑکے کو پیٹا، یہ حرکت ریزرو امپائرنے دیکھی، ان کی رپورٹ پر صابر کیخلاف ڈسپلنری کارروائی ہوئی۔

ڈسپلنری کمیٹی کے نائب چیئرمین شیخ سہیل نے کہاکہ صابر کو پہلے بھی 2 مرتبہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا مل چکی، مگر محسوس ہوتا ہے کہ انھوں نے اس سے کچھ نہیں سیکھا، اس لیے اس مرتبہ زیادہ سخت سزا دی گئی ہے۔

 
Load Next Story