نوازشریف کو این آراو دیا گیا تو سپریم کورٹ جاؤں گا عمران خان

اگر این آر او کی خوشبو بھی آئی تو قوم باہر نکلے گی، عمران خان


ویب ڈیسک January 02, 2018
اگر این آر او کی خوشو بھی آئی تو قوم باہر نکلے گی، عمران خان ۔ فوٹو: فائل

لاہور: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو این آراو دیا گیا تو سپریم کورٹ جاؤں گا۔

اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کوئی سمجھ ہی نہیں ہے، انہیں افغان جنگ اور پاکستان میں دہشت گردی کے نتیجے میں ہونےوالی تباہی کا بھی علم نہیں، ایسا لگتا ہے کہ ٹرمپ کو پاکستان کے دشمنوں نے بریف کیا ہے، اس جنگ سے ہماری معیشت کو 100 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کسی اور کی جنگ جب پیسے لے کر لڑیں گے تو اس میں ذلت اور تباہی ہی ہے، جب میں نے کہا یہ ہماری جنگ نہیں، مجھے کہا گیا کہ یہ طالبان خان ہے، میں نے کہا کہ اس جنگ میں ہمارا نقصان ہوگا تو میرا مذاق اڑایا گیا تاہم آج قوم کے سامنے حقائق آگئے ہیں، اس لیے کبھی کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کرنی چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ مجھے اقامے پر نکالا، اقامہ اور ایف زیڈ کمپنی منی لانڈرنگ کا طریقہ تھا، دونوں بھائی سعودی عرب اپنی چوری بچانے اور این آر او لینے کے لیے گئے ہیں تاہم یہ جہاں مرضی چلے جائیں قوم این آر او قبول نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اربوں کی چوری کو بچانے کے لیے باہر کی قوت کو کہہ رہے ہیں ہمیں بچالو، یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی قوم بھیڑ بکریاں ہیں جو خاموشی سے یہ سب تسلیم کرلے گی، اگر این آر او کی خوشبو بھی آئی تو قوم باہر نکلے گی اور شاہد خاقان عباسی کی حکومت برداشت نہیں کرسکے گی۔

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اس سے پہلے بھی ایک این آر او مسترد کرچکی ہے، اب نواز شریف کو این آر او دیا گیا تو وہ پھر سپریم کورٹ جائیں گے اور عدالت سے کہیں گے کہ جیلوں میں بیٹھے سارے مجرموں کو چھوڑ دیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں