بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں نسلی فسادات کئی بسوں اورگاڑیوں کو آگ لگادی گئی

وزیراعلیٰ مہاراشٹرا نے نوجوان کی ہلاکت اور فسادات کی تحقیقات کا حکم دے دیا


ویب ڈیسک January 02, 2018
وزیراعلیٰ مہاراشٹرا نے نوجوان کی ہلاکت اور فسادات کی تحقیقات کا حکم دے دیا - فوٹو: اے ایف پی

بھارتی شہر پونے سے شروع ہونے والے فسادات نے دیگر کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جب کہ مشتعل مظاہرین نے اس دوران کئی سرکاری املاک کو آگ لگادی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں مراٹھا اور دلتوں کے درمیان مذہبی رسومات کی ادائیگی پر گزشتہ روز فسادات کے نتیجے میں ایک نوجوان کی ہلاکت کے بعد فسادات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بھارتی شہر پونے سے شروع ہونے والے فسادات ممبئی سمیت دیگر شہروں تک پھیل گئے،مشتعل افراد نے کئی بسوں اور گاڑیوں کو آگ لگادی جب کہ ممبئی کے تعلیمی ادارے بھی بند کرادیئے گئے اوراس دوران ٹرین سروس بھی معطل رہی، احتجاج کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹس کے مطابق پونے شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ہنگامہ آرائی سے متاثرہ علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری گشت کررہی ہے جب کہ ہنگاموں میں ملوث 100 افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ مہاراشٹرا نے نوجوان کی ہلاکت اور فسادات کی تحقیقات کا حکم دے دیا جو ہائی کورٹ کے جج کی نگرانی میں کی جائے گی جب کہ نوجوان کے اہلخانہ کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا۔ ادھر دلت رہنما نے کل مہاراشٹرا میں ہڑتال کی کال دے دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں