نیب کے پی کے نے گزشتہ سال 67 ارب روپے واگزار کرالیے

چیئرمین نیب کے وژن کی روشنی میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ڈی جی نیب خیبر پختونخوا


ویب ڈیسک January 02, 2018
چیئرمین نیب کے وژن کی روشنی میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ڈی جی نیب خیبر پختونخوا۔ فوٹو: فائل

نیب نے خیبر پختون خوا سے گزشتہ سال 67 ارب روپے واگزار کراکے قومی خزانے میں جمع کرادیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب خیبر پختونخوا کے دفتر میں ڈائریکٹر نیب کی کانفرنس منعقد کی گئی جس میں 2017 ء کے دوران قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا کی کارکردگی کا مفصل جائزہ بھی لیا گیا۔ افسران نے ڈی جی نیب خیبر پختونخوا بریگیڈیئر(ر) فاروق ناصر اعوان کو بریفنگ میں بتایا نیب خیبر پختونخوا نے سال 2017ء میں بڑے پیمانے پر عوام کو دھوکہ دینے والے مقدمات نمٹا کر متاثرین کو ان کا حق دلوایا۔ نیب نے بلواسطہ اور بلاواسطہ وصولی کے ذریعے غبن شدہ 67 ارب روپے واگزار کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے۔

ڈائریکٹر جنرل نیب کو مزید آگاہ کیا گیا کہ سال 2017ء میں نیب خیبر پختونخوا کو 3624 شکایات موصول ہوئیں تاہم تمام شکایات پر قواعد و ضوابط کے مطابق کامیابی سے عمل درآمد کیا گیا اور احتساب عدالت میں 34 ریفرنسز دائر کیے گئے جبکہ باقی ماندہ کیسز پلی بارگین کے ذریعے نمٹائے گئے۔

ڈی جی نیب خیبر پختونخوا نے کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے چیئرمین نیب کا چارج سنبھالتے ہی موثر احتساب، شفافیت اور سروس کی ترسیل میں بہتری کی بدولت کارروائیوں کی ثمرات سے عام آدمی تک ریلیف دینے کے لیے جس عزم کا اظہارکیا ہے اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے نیب خیبر پختونخوا کے حکام اور اہلکار کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

فاروق ناصر اعوان نے کہا ہے کہ احتساب کے شفاف عمل کے ذریعے چیئرمین نیب جاوید اقبال کے وژن کی روشنی میں خیبر پختونخوا کے عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں