شہید ملت روڈ پر ایک فلائی اوور اور 2 انڈر پاسز تعمیر ہوں گے

 ہینو چورنگی تا جیل چورنگی 10 کلومیٹر طویل کوریڈور کو سگنل فری بنایا جائے گا، منصوبہ مئی میں مکمل کیا جائے گا۔


Syed Ashraf Ali January 03, 2018
ٹیپو سلطان انٹر سیکشن پر فلائی اوور جبکہ ہل پارک انٹر سیکشن اور طارق روڈ انٹر سیکشن پر انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں گے۔ فوٹو؛ فائل

سندھ حکومت رواں سال کورنگی ہینو چورنگی تا یونیورسٹی روڈ جیل چورنگی 10 کلومیٹر طویل کوریڈور کو سگنل فری بنانے کیلیے شہید ملت روڈ پر ایک فلائی اوور اور دو انڈر پاسز تعمیر کرے گی۔

صوبائی محکمہ بلدیات نے کراچی پیکیج کے تحت کورنگی ہینو چورنگی تا یونیورسٹی روڈ جیل چورنگی کو سگنل فری کوریڈور بنانے کا منصوبہ تشکیل دیا ہے جس کیلیے شہر کی مصروف ترین شاہراہ شہید ملت روڈ پر ایک فلائی اور 2 انڈر پاس تعمیر کیے جائیں گے جبکہ خالد بن ولید روڈ انٹرسیکشن اور ناہید سپر اسٹور انٹرسیکشن کو بند کرکے یو ٹرن دیا جائے گا، یہ منصوبہ ایک ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہوگا جس کے لیے سندھ حکومت نے رواں سال کے مالی بجٹ میں فنڈز مختص کردیے ہیں۔

صوبائی محکمہ بلدیات نے گذشتہ ہفتے ٹیپو سلطان ا نٹرسیکشن پر فلائی اوور کی تعمیر کیلیے لوڈ ٹیسٹنگ شروع کردی ہے اور ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔

صوبائی محکمہ بلدیات کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نیاز سومرو نے ایکسپریس کو بتایا کہ ٹیپو سلطان انٹرسیکشن پر فلائی اوور کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ہل پارک انٹرسیکشن اور طارق روڈ انٹرسیکشن پر انڈر پاسز کی تعمیر کا کام 15جنوری سے شروع کیا جائے گا۔

نیاز سومرو نے کہا کہ ٹیپو سلطان انٹرسیکشن شہر کی مصروف ترین چورنگی ہے جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں اور مصروف اوقات میں بدترین ٹریفک جام رہتا ہے، سندھ حکومت نے یہاں ٹریفک کی روانی قائم کرنے کیلیے 2 طرفہ ٹریفک کیلیے 2-2 لین پر مشتمل فلائی اوور بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی ہے جس پر تقریبا 60 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا ابھی فلائی اوور کی تعمیر کیلیے زمین کی ٹیسٹنگ کی جاری ہے تاہم تعمیراتی کام کے دوران انٹرسیکشن کو بند کرنا پڑے گا جس کیلیے ٹریفک متبادل پلان پر عملدرآمد کیا جارہا ہے، انہوں نے بتایا کہ شہید ملت روڈ کو دونوں اطراف سے 1-1 لین کو چوڑا کیا جا رہا ہے جبکہ دونوں طرف سروس روڈ پر کارپیٹنگ کرکے ٹریفک گزاری جائے گی، یہ منصوبہ چار ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔

نیاز سومرو نے بتایا کہ ہل پارک اور طارق روڈ چورنگیوں پر انڈر پاس کی تعمیراتی لاگت 45-45 کروڑ روپے آئے گی، دونوں انڈر پاسز دو طرفہ ٹریفک کیلیے تعمیر کیے جائیں گے۔ دونوں انڈر پاسز کی تعمیر کیلیے بھی ٹریفک متبادل پلان بنایا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی قائم رہ سکے، یہ تینوں منصوبے رواں سال مئی میں مکمل کر لیے جائیں گے، بعدازاں ناہید سپر اسٹور انٹر سیکشن اور خالد بن ولید روڈ انٹرسیکشن کو بند کردیا جائے گا اور یہاں یو ٹرن تعمیر کیے جائیں گے، اس طرح یہ کوریڈور کورنگی ہینو چورنگی تا یونیورسٹی روڈ جیل چورنگی تک سگنل فری ہو جائے گا۔

28 کروڑ کی لاگت سے ٹیپو سلطان روڈ کی تعمیر نو کا بھی آغاز کر دیا گیا

سندھ حکومت نے ٹیپوسلطان روڈ فلائی اوور کی تعمیر کے ساتھ ساتھ 4 کلومیٹر طویل ٹیپو سلطان روڈ کی تعمیر نو کا بھی آغاز کردیا ہے، یہ سڑک 28 کروڑ روپے کی لاگت سے شارع فیصل تا سر ابراہیم رحمت اللہ روڈ (کارساز روڈ) ایشٹو اسٹینڈرڈ پر تعمیر کی جائے گی۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر صوبائی محکمہ بلدیات نیاز سومرو نے ایکسپریس کو بتایا کہ ٹیپو سلطان روڈ کی تعمیر نو سے قبل پانی و سیوریج کی لائنوں کی منتقلی اور نئی لائنوں کی تنصیب کی جا رہی ہے، منصوبہ بندی کے تحت برساتی نالہ تعمیر کیا جائے گا اور نئی اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جائیںگی۔ سڑک پر تعمیراتی کام 3 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |