ویمن کرکٹرز کی فٹنس جانچنے کا سلسلہ شروع

آئندہ سینٹرل کنٹریکٹ کا فیصلہ کرتے ہوئے نتائج کو پیش نظر رکھا جائے گا۔


Sports Reporter January 03, 2018
پلیئرز کی سہولت کے مطابق لاہور یا کراچی میں ٹیسٹ مکمل کرلیے جائیں گے۔ فوٹو؛ فائل

قومی ویمن کرکٹرز کی فٹنس جانچنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تاہم پہلے مرحلے میں چند پلیئرز کا لاہور اور دیگر کا کراچی میں ٹیسٹ ہوا جب کہ دیگر کی جمعرات کو طلبی ہوگی۔

معمول کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کے سال میں 3بار فٹنس ٹیسٹ لیے جاتے ہیں،تیسرا مرحلہ گزشتہ روز شروع ہوا،لاہور میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف،انعم امین،سدرا نواز،نشرا سندھو،غلام فاطمہ، سدرا امین،ندا راشدڈار اورسعدیہ یوسف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹیسٹ دیے۔

طلب شدہ کرکٹرز میں ثنا میر کا نام بھی شامل تھا لیکن سابق کپتان گھٹنے کی انجری سے نجات کیلیے بحالی پروگرام جاری رکھے ہوئے ہیں اس لیے ان کی فٹنس بعد میں جانچی جائے گی، دوسری جانب حال ہی میں پیا گھر سدھارنے والی اسماویہ اقبال کھوکھر بھی این سی اے میں رپورٹ نہیں کرسکیں۔

ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں بلائے جانے والے گروپ میں جویریہ ودود،عائشہ ظفر، رامین شمیم،سیدہ نین فاطمہ عابدی اور ناہیدہ بی بی شامل تھیں۔ٹیسٹ دینے والی پلیئرز کو رننگ، اسپرنٹ، پش اپس سمیت مختلف مشقیں کراتے ہوئے فٹنس کا ڈیٹا مرتب کرلیا گیا جب کہ دیگر کرکٹرز کو جمعرات کے روز طلب کیا گیا ہے۔ پلیئرز کی سہولت کے مطابق لاہور یا کراچی میں ٹیسٹ مکمل کرلیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ دسمبر میں ختم ہوچکے ہیں،کھلاڑیوں کو نئے معاہدوں کی فہرست میں شامل کرنے سے قبل فٹنس کو خاص طور پر پیش نظر رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال انگلینڈ میں ورلڈ کپ کے دوران 7میچز میں سے ایک بھی نہ جیت پانے والی گرین شرٹس کی غیر معیاری فٹنس تنقید کا نشانہ بنی تھی جس کے بعد اس حوالے سے سخت پالیسی اپنانے کا عندیہ دیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں