عدالتوں نے عمران خان کو اعتراف جرم کے باوجود صادق و امین قرار دیا نواز شریف

عدالت نے کہا کہ عمران صاحب آپ جتنا بھی اعتراف کرلیں ہم نہیں مانتے، سابق وزیراعظم

عدالت نے کہا کہ عمران صاحب آپ جتنا بھی اعتراف کرلیں ہم نہیں مانتے، سابق وزیراعظم فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقبال جرم کرنے کے باوجود عدالتوں نے عمران خان کو صادق و امین قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب مقدمات میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ اقبال جرم کرنے کے باوجود عدالتوں نے عمران خان کو صادق و امین قرار دے دیا، جبکہ میرے خلاف بدعنوانی ڈھونڈنے کی کوشش کی جارہی ہے جو آج تک نہیں ملی اور اقامہ پر نااہل کردیا گیا، روز روز احتساب عدالت میں پیش ہونے کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر عمران خان نے جرم اور چوری نہیں کی تو پھر معافی کیوں مانگی، اعتراف جرم کے باوجود سپریم کورٹ کے بنچ نے اسے صادق و امین قرار دے دیا، جب کہ میں نے کبھی معافی مانگی نہ اقبال جرم کیا، آج تک میرا کوئی جرم سامنے آیا نہ ثابت ہوا۔


یہ بھی پڑھیں:نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف نیب ریفرنسز میں مزید گواہان کے بیان قلمبند

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود لاکھوں پاؤنڈز کا اعتراف کیا، پتا نہیں انہوں نے پیسہ کہاں سے حاصل کیا، چوری اور ہیرا پھیری کی یا منی لانڈرنگ سے پیسہ کمایا، ایمنیسٹی اسکیم اعتراف جرم ہوتی ہے، نیازی سروسز جو کچھ کرتی رہی اس کا عمران خان نے خود اعتراف کیا، عمران خان عدالت کے سامنے اقبال جرم کرچکے ہیں اور معافی بھی مانگی، جو ریکارڈ کا حصہ ہے، لیکن عدالت نے کہا کہ عمران صاحب آپ جتنا بھی اعتراف کرلیں ہم نہیں مانتے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ جن لوگوں نےمیرے دورہ سعودیہ کے بارے میں غلط خبریں جاری کیں اچھا نہیں کیا، پاکستان کا سعودیہ کے ساتھ دیرینہ تعلق ہے، میرا سعودی عرب جانا کوئی عجوبہ نہیں، سعودی عرب سے پاکستان کے تعلقات قیام پاکستان کے وقت سے ہیں، قیاس آرائیاں کرنیوالوں کا رویہ غیر ذمے دارانہ ہے۔

Load Next Story