گرین شرٹس کا نیوزی لینڈ ٹور کا فاتحانہ آغاز

پریکٹس میچ میں میزبان الیون کو 120 رنزسے شکست دی، اظہر اور فخر کی سینچریاں

پاکستان نے 9 وکٹ پر 341 رنز کا بڑا مجموعہ حاصل کیا،فوٹو:فائل

QUETTA:
قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے ٹورکا فاتحانہ آغاز کردیا، نیوزی لینڈ الیون کے خلاف پریکٹس میچ میں 120 رنزکے بڑے مارجن سے کامیابی سمیٹی۔

نیلسن میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں میزبان الیون نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کو بیٹنگ کروانے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، پاکستان نے 9 وکٹ پر 341 رنز کا بڑا مجموعہ حاصل کیا، اوپنرز فخرزمان اور اظہرعلی نے ٹیم کو 206 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، فخر زمان نے 129گیندوں پر 8چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 106رنز بنا کر ریٹائر ہو گئے، انجری کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے اوپنر اظہرعلی نے سنچری جڑ دی، وہ 105 گیندوں پر 12چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 104 رنز بنا کر ریٹائر ہوئے۔


شاداب خان 24، سرفراز احمد 21 اور فہیم اشرف 17 رنز کیساتھ دیگر نمایاں اسکورر رہے، بابر اعظم 6، محمد حفیظ 5 اور شعیب ملک ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئے، انکت پاریکھ نے 3، مارک کریگ نے2 جبکہ جیمز بیکر اور مچل رائے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم47.1 اوورز میں 221 پر پویلین لوٹ گئی، مچل ڈیوڈسن نے 54 رنز بنائے، میک ایون 28 جبکہ جیک بوائل اور بین بیکرافٹ 20,20 رنز بنا سکے، شاداب خان نے 52 رنز کے عوض 4 شکار کیے، فہیم اشرف نے 2 جبکہ محمد عامر، رومان رئیس، حسن علی اور فخر زمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Load Next Story