کولمبو ٹیسٹ ہیراتھ نے بنگلہ دیشی امیدوں کی شمع بجھادی

7 وکٹیں لے کر35ویں سالگرہ کا جشن منایا، سری لنکا نے3 وکٹ پر ہدف حاصل کر لیا۔


Sports Desk/AFP March 20, 2013
کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے دن سری لنکن اسپنر رنگانا ہیراتھ بنگلہ دیشی بیٹسمین ناصر حسین کو بولڈ کرنے پر خوشی سے بے قابو، انھوں نے 7 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ ایوارڈ وصول کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

کولمبو ٹیسٹ میں رنگانا ہیراتھ نے اپنی سالگرہ پر بنگلہ دیشی امیدوں کی شمع بجھادی۔

انھوں نے7 وکٹیں لے کر 35 برس کے ہونے کا جشن منایا، سری لنکا نے 160 رنز کا ہدف تین وکٹ پر حاصل کرکے 7 وکٹ سے فتح پائی، سیریز بھی 0-1 سے میزبان سائیڈ کے نام ہوگئی، دلشان اور کمار سنگاکارا نے ففٹیز بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق گال ٹیسٹ میں رنز کا انبار لگانے والے بنگال ٹائیگرز نے ڈرا کے بعد فتح کا خواب دیکھنا شروع کردیا تھا، مگر کولمبو ٹیسٹ میں رنگانا ہیراتھ نے اپنی سالگرہ کے دن مہمان سائیڈ کی امیدیں خاک میں ملا دیں، ان کی خطرناک بولنگ کی بدولت میزبان ٹیم کو 160 رنز کا ہدف ملا جو اس نے تین وکٹ پر حاصل کرلیا۔

6

ڈیموتھ کرونا رتنے صرف 16 رنز بناکر ربیع الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد اوپنر دلشان اور کمارسنگاکارا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 94 رنز جوڑے، دلشان 57 رنز پر روبیع الاسلام کی دوسری وکٹ بنے، سنگاکارا کو 55 رنز پر سوہاگ غازی نے آئوٹ کیا،لاہیرو تھریمانے اور انجیلو میتھیوز نے 13، 13 رنز بناکر ٹیم کو فتح دلادی۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز 158 رنز 4 وکٹ سے کیا، مگر 107 رنز کے اضافے سے پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی، دن کی باقی 6 میں سے 4 وکٹیں رنگانا ہیراتھ نے حاصل کرکے تیسری مرتبہ ایک ٹیسٹ میں 10 یا اس سے زائد وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا، انھوں نے پہلی اننگز میں 68 رنز کے عوض پانچ جبکہ دوسری باری میں 89 رنز دے کر 7 وکٹیں اپنے نام کیں۔ مشفیق الرحیم نے 40 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی مگر پھر ہیراتھ کی 200 ویں ٹیسٹ وکٹ بن گئے، شمندا ایرنگا نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں