پاکستانی بیٹسمینوں کو پھنسانے کیلیے باؤنسرز کا جال تیار

پہلے ون ڈے میں سرد موسم اور تازہ پچ پرگھاس مہمان کھلاڑیوں کی تکنیک و ہمت کا امتحان لے گی۔

ہلکے بادلوں کی موجودگی میں پیسرزمزید خطرناک ہوجائیں گے،سپورٹ کیلیے2اسپنرزکھلا سکتے ہیں، ہیسن۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

کیویز نے ویلنگٹن میں پاکستانی بیٹسمینوں کو پھنسانے کیلیے باؤنسرز کا جال تیارکر لیا۔

نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میچ کیلیے ویلنگٹن میں جمعرات کو ہی ڈیرے ڈالنے والے گرین شرٹس نے گذشتہ روز جم ٹریننگ میں جسمانی استعداد بہتر بنانے کیلیے کام کیا، جمعے کو بھرپور نیٹ پریکٹس کی جائے گی،کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں اپنی صلاحتیں نکھارنے کی کوشش کرینگے۔

گزشتہ روز ویلنگٹن میں بارش کی پیش گوئی ہوئی تھی لیکن خوش قسمتی سے مطلع صاف رہا، امید ظاہر کی جارہی ہے کہ جمعے کو بھی موسم پاکستان ٹیم کی تیاریوں میں رکاوٹ نہیں بنے گا،5ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق 3بجے شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم اعتماد سے مالا مال ہے جب کہ گزشتہ 9انٹرنیشنل میچز میں ناقابل شکست سائیڈ نے اس دوران جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور بھارت جیسی بڑی ٹیموں کو زیر کیا،پریکٹس میچ میں بھی گرین شرٹس نے 9وکٹ پر 341رنز کا پہاڑ کھڑا کیا، وہاں مقابلہ کیوی بچوں سے اور پچ فلیٹ تھی لیکن اظہر علی اور فخرزمان نے ناقابل شکست سنچریاں بنائیں۔ دوسری جانب بابر اعظم اور بیٹنگ کے ستون سمجھے جانے والے تجربہ کار محمد حفیظ و شعیب ملک ناکام رہے، کپتان سرفراز احمد بھی بڑا اسکور نہیں کرپائے، ٹیل اینڈرز نے جارحانہ بیٹنگ سے معقول ٹوٹل ممکن بنایا۔

واضح رہے کہ ویلنگٹن میں موسم اور میزبان پیسرز دونوں باؤنسی پچ پر مہمان ٹیم کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کرینگے،میچ کے روز درجہ حرارت 18ڈگری بتایا جا رہا ہے، پچ گرین ٹاپ، تازہ اور ڈھکی ہوئی ہے،شارٹ پچ گیندیں گرین شرٹس کی تکنیک اور ہمت دونوں کا امتحان لیںگی،نیوزی لینڈ اننگز کی ابتدا میں اسپیڈ سٹار لوکی فرگوسن سے دفاع میں گہرے شگاف ڈالنے کی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے۔


پیسر ڈگ بریسویل فٹنس مسائل کی وجہ سے پاکستان کیخلاف ابتدائی دونوں ون ڈے میچز نہیں کھیل پائیں گے، گھٹنے کی انجری کے سبب ایک سال تک میدانوں سے دور رہنے والے بولر کی ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں واپسی ہوئی تھی،انھوں نے محدود اوورز کی کرکٹ کے 6میں سے 5میچز کھیلے لیکن بدھ کو میچ کے دوران دائیں ٹانگ میں ہیمسٹرنگ کا شکار ہوگئے۔ انجری کی نوعیت کا جائزہ لیا جارہا ہے،فی الحال پاکستان سے ابتدائی دونوں ون ڈے میچز کیلیے بطور متبادل جارج ورکرکو طلب کیا گیا ہے۔

تجربہ کار پیسرز ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ پاکستانی بیٹسمینوں کا امتحان لینے کیلیے موجود ہونگے۔ نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن تجربہ کار مارٹن گپٹل اور زندگی کی بہترن فارم میں نظر آنے والے کولن منرو سمیت محدود اوورز کی کرکٹ کے اسپیشلسٹ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

دوسری جانب عالمی ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست بولر حسن علی کے ساتھ خطرناک محمد عامر اور بگ بیش میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد پریکٹس میچ میں بھی4وکٹیں اڑانے والے لیگ اسپنر شاداب خان کسی بیٹنگ لائن کو بھی حیران و پریشان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں کیوی ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی پاکستانی بیٹنگ لائن کو باؤنسرز سے پریشان کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

ایک انٹرویو میں ماہیک ہیسن نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کیخلاف شارٹ پچ گیندوں کا عقلمندی سے اور موثر استعمال بڑا اہم ہوتا ہے،دونوں ٹیموں کو بہترین پیسرز کی خدمات حاصل ہیں،پچ پر گھاس ہونا یقینی نظر آرہا ہے،ہلکے بادلوں کی موجودگی میں فاسٹ بولرز مزید خطرناک ہوجائیں گے، پاکستان کے پاس اسپنرز کی بھی اچھی ورائٹی ہے،بیٹنگ لائن میں بھی تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں،ٹیم کی حالیہ کارکردگی بھی اچھی ہے۔

مائیک ہیسن نے ڈگ بریسویل اور نجی مصروفیات کی وجہ سے ابتدائی2میچز نہ کھیلنے والے پیس بولنگ آل راؤنڈر کولن ڈی گرینڈ ہوم کی عدم موجودگی میں 4پیسرز کھلانے کا امکان مسترد کردیا،فاسٹ بولرز کی سپورٹ کیلیے2اسپنرز مچل سینٹنر اور ٹوڈ ایسٹل کو شامل کیا جائے گا، دونوں بیٹنگ میں بھی صلاحیتیں منوا چکے ہیں۔
Load Next Story