پاکستانی نگاہیں کیویز کیخلاف کلین سوئپ پر مرکوز

دوسرا انڈر19ون ڈے آج ہوگا،ارشد اقبال گرین شرٹس کی امیدوں کا مرکز۔


Sports Desk January 05, 2018
جونیئر ورلڈ کپ کا آغاز 13جنوری کو ہوگا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے کیویزکو کلین سوئپ کرنے پر نگاہیں مرکوز کرلیں۔

مشن جونیئر ورلڈکپ کی تیاری کیلیے آسٹریلیا میں پہلا پڑاؤ ڈالنے والی پاکستان انڈر19ٹیم نے میزبان کینگروز کیخلاف سیریز میں 2-0سے فتح حاصل کی۔ اس کے بعد پلیئرز نے میگا ایونٹ کے میزبان نیوزی لینڈ کا رخ کیا،کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے کیویز کو 5 وکٹ سے زیرکیا، کینگروز کیخلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ارشد اقبال نے 5 شکار کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو صرف 186 رنز تک محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا جواب میں عماد عالم(60)اور محمد طحہٰ(46) کی بدولت ہدف 39 ویں اوور میں ہی 5وکٹ پر حاصل کرلیا۔

آج شیڈول سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں ارشداقبال،ان فارم ساتھی بولرز شاہین شاہ آفریدی اور محمد موسٰی کے ہمراہ کیویز کو کلین سوئپ کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔ حسان خان کی اسپن بولنگ بھی کیویز کو پریشان کرسکتی ہے جب کہ میزبان ٹیم کی امیدیں پہلے میچ میں مزاحمت کرنے والے فلپس اور واٹسن سے وابستہ ہونگی۔

واضح رہے کہ پاکستانی بیٹنگ لائن میں زید عالم، عماد عالم، محمد طحہٰ اور علی زریاب کی کارکردگی میں تسلسل رہا ہے،ان میں سے ایک یا2کو بڑی اننگز کھیلنا ہونگی، لوئر آرڈر میں حسان خان اور سعد خان بھی بہتر ٹوٹل میں حصہ ڈال سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ جونیئر ورلڈ کپ کا آغاز 13جنوری کو ہوگا، اس سے قبل پاکستان ٹیم 8جنوری کو نمیبیا اور 10کو بنگلادیش کیخلاف وارم اپ میچز میں بھی اپنی تیاریوں کی مزید جانچ کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں