متاثرین عباس ٹاؤن کو پندرہ پندرہ لاکھ روپے کے چیک تقسیم

صدرکی ہدایت پرتباہ شدہ فلیٹس کے متبادل نئے فلیٹس بھی دیے جائیں گے، قائم علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سانحہ عباس ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کررہے ہیں ۔ فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے منگل کووزیراعلیٰ ہاؤس میں پروقارتقریب میں سانحہ عباس ٹاؤن کے49شہداکے لواحقین کوحکومت سندھ کی طرف 15-15 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر،کمشنرکراچی سید ہاشم رضازیدی،رکن سندھ اسمبلی حمیرا علوانی،شیعہ علماکونسل کے رہنما مولانا احمد اقبال رضوی ودیگر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ صدرزرداری کی خصوصی ہدایت پر سانحہ عباس ٹاؤن کے لواحقین کاہرسطح پرتعاون کر رہے ہیں۔

اس مالی امداد کے علاوہ عباس ٹاؤن کے تباہ شدہ فلیٹس کے متبادل نئے فلیٹس دیے جارہے ہیں اور اس ضمن میں کمیٹی کام کررہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے سانحہ عباس ٹاؤن کے لواحقین سے ذاتی طورپرملاقات کی اوران کے مسائل سنے۔




قبل ازیں وزیراعلیٰ ہاؤس میں سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کوامدادی چیکس کی تقسیم کے موقع پر مبینہ طورپرمضرصحت پانی پینے کے باعث8 سے 10 خواتین کی طبعیت خراب ہوگئی،جن کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیاگیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق مذکورہ پانی ایک کیٹرنگ کمپنی نے فراہم کیاتھا،اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے بھی واقعے کی تحقیقات کیلیے ایس ایس پی عثمان باجواکی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے جوذمے داران کاتعین کرے گی۔

Recommended Stories

Load Next Story